عظمی کاردار کی وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ اسٹیج پر کھڑا ہونے کی کوشش، تقریب میں بدمزگی

  • August 10, 2020, 4:21 pm
  • National News
  • 182 Views

وزیراعلی پنجاب کی ٹائیگر فورس ڈے پر شجرکاری مہم کی تقریب میں بدمزگی پیدا ہوگی جب پی ٹی آئی کے ایم پی اے عظمی کاردار کا وزیر اعلی کے ساتھ کھڑا ہونے پر اہلکاروں سے جھگڑا ہوا۔عظمی کاردار وزیراعلی پنجاب کے ساتھ کھڑا ہونا چاہتی تھی تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں وزیراعلی پنجاب سے دور ہٹا دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گزشتہ روز شادمان کے پارک میں ٹائیگر فورس ڈے کی مناسبت سے پودا لگانے کیلئے پہنچے تو قیادت کے خلاف بیان بازی کے باعث پارٹی رکنیت سے ہاتھ دھونے والی عظمیٰ کاردار بھی مرکزی دروازے سے چل کر پودا لگانے والے مقام تک ان کے ہمراہ پہنچیں تاہم وزیر اعلیٰ نے انہیں مکمل نظر انداز کیا ۔
بعد ازاں وزیرا علیٰ عثمان بزدار جب میڈیا سے گفتگو کرنے لگے تو عظمی کاردار نے اسٹیج پر ساتھ کھڑا ہونے کی کوشش کی تاہم وزیر اعلیٰ کی سکیورٹی نے انہیں پیچھے ہٹا دیا جس پر عظمیٰ کاردار بحث کرتی رہیں اور ناکامی پر وہاں سے واپس روانہ ہو گئیں۔واضح رہے کہ عظمی کاردار کی سوشل میڈیا پر لیک ہوئی آڈیو میں انہوں نے وزیراعظم ان کی اہلیہ بشری بی بی اور دیگر رہنمائوں کے حوالے سے تبصرے کئے تھے۔
جس کے بعد ان کی پارٹی رکنیت ختم کر دی گئی تھی۔ پاکستان تحریک انصاف کی احتساب کمیٹی نے عظمی کاردار کی اپیل پر فیصلہ سنا دیا، عظمی کاردار کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کر کے اسمبلی رکنیت سے بھی فوری مستعفی ہونے کا حکم دیاگیاتھا۔تحریک انصاف کی رکن اسمبلی عظمی کاردار کی اپیل پر احتساب کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عظمی کاردار نے پارٹی آئین کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔
عظمی کاردار نے سینئر پارٹی رہنمائوں کے خلاف صحافی سے ٹیلیفونک گفتگو کی جوکہ انتہائی غیرذمہ دارانہ فعل تھا۔عظمی کاردار نے پاکستان تحریک انصاف کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا۔احتساب کمیٹی نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ عظمی کاردار کے خلاف پارٹی کے آئین کی کلاز 3 کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔