خون سفید ہوگیا، سگے باپ نے 9 سالہ بچی کو کنویں میں پھینک دیا

  • August 11, 2020, 10:34 pm
  • National News
  • 240 Views

راولپنڈی : پولیس نے کمسن بچی کے قتل کی گتھی سلجھا دی، 9 سالہ بیٹی کا قاتل سفاک باپ نکلا۔

تفصیلات کے مطابق باپ کی سفاکیت کا یہ اندوہناک واقعہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں پیش آیا جہاں ایک شخص اپنی 9 سالہ بیٹی کو کنویں میں پھینک کر فرار ہوگیا تھا۔

ملزم نے قتل کو حادثہ ظاہر کرنے کی کوشش کی تھی تاہم پولیس نے قتل کا معمہ چند ہی دنوں میں حل کرکے درندہ صفت باپ کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم محمد بخش مندرہ کے علاقے میں اپنی 9 سالہ بچی کو پھینک کر فرار ہوا تھا، پولیس کی جانب سے واقعے کا مقدمہ بچی کی والدہ کی مدعیت میں درج کیا جارہا ہے۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی وجوہات ابھی تک سامنے نہیں آسکیں ہیں تام متعلقہ تھانے نے ملزم محمد بخش کو حراست میں لے کر واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ والدین میں چھ سال قبل علیحدگی ہوگئی تھی جس کے بعد سے بچی باپ کے ساتھ رہ رہی تھی۔