محرم کے بعد اسکول کھولنے پر غور کررہے ہیں، صوبائی وزیر تعلیم

  • August 13, 2020, 1:48 pm
  • Breaking News
  • 198 Views

کوئٹہ: صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ صوبے کے اسکولز 15 ستمبر تک بند ہیں تاہم محرم الحرام کے بعد اسکولز کھولنے پر غور کر رہے ہیں۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر بابر موسیٰ خیل کی صدارت ہوا جس میں رکن اسمبلی ثنا بلوچ کی جانب سے بلوچستان میں اسکولز کھولنے کے حوالے سے توجہ دلاوٴ نوٹس پیش کیا گیا۔

توجہ دلاؤ نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہا کہ یہ طے ہے کہ صوبے کے اسکولز 15 ستمبر تک بند ہیں تاہم 10 محرم کے بعد اسکولز کھولنے کا جائزہ لیں گے جب کہ کورونا کے ایس او پیز کے حوالے سے اساتذہ کی تربیت شروع کردی ہے۔
سردار یار محمد رند نے کہا کہ صوبے میں گھوسٹ اساتذہ کے خلاف کارروائی کرنے جارہے ہیں کیوں کہ ضلع بولان میں چار سوبوگس اساتذہ سامنے آئے ہیں جب کہ نیب نے 68 اور محکمہ تعلیم نے 45 جعلی اساتذہ کی نشاندہی کی ہے، محکمہ تعلیم اساتذہ کی بھرتی کا عمل جلد شروع کررہا ہے۔