محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کردی

  • August 18, 2020, 10:14 am
  • Weather News
  • 247 Views

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کردی، محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر کے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ سے مزید مون سون ہوائیں شدت سے ملک میں داخل ہوں گی، جس کے نتیجے میں آئندہ 3 سے 4 روز کے دوران ملک بھر میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
بتایا گیا ہے کہ 21اگست اور 22اگست کے دوران شدید بارشیں ہوسکتی ہیں۔ مون سون ہواؤں کا نیا سلسلہ سندھ میں داخل ہوگیا ہے جس کے بعد گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ سے جمعہ کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، میانوالی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بدھ سے جمعہ کے دوران ساہیوال، فیصل آباد، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بدھ سے جمعہ کے دوران دیر، مردان، چار سدہ اور کشمیر کے اکثر مقامات پر بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ سے جمعہ کے دوران سرگودھا، ایبٹ آباد، چارسدہ، پشاور، نوشہرہ میں موسلا دھار بارش متوقع ہے، جبکہ بھکر، لیہ، ملتان، بہاولپور، وزیرستان، بنوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات اور جمعہ کے روز پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ اربن فلڈنگ کی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت شمال مشرقی پنجاب، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا،بلوچستان اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں 40ملی لیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔