کینجھر جھیل سانحہ : 9خواتین اور ایک بچی کی نماز جنازہ آج ہوگی، ملاح گرفتار

  • August 18, 2020, 10:15 am
  • Breaking News
  • 120 Views

ٹھٹھہ: کینجھر جھیل میں کشتی الٹنے سے جاں بحق ہونے والی 9خواتین اور ایک بچی کی نماز جنازہ آج محمود آباد میں ادا کی جائے گی، پولیس نے ملاح کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹھٹہ کے تفریحی مقام کینجھر جھیل میں گزشتہ روز ہونے والے کشتی الٹنے کے المناک حادثے میں 13 افراد ڈوب گئے تھے جن میں تین خواتین کو بچا لیا گیا تاہم نو خواتین اور ایک بچی جاں بحق ہوگئیں۔ ذرائع کے مطابق کشتی میں حادثے کے وقت 14افراد سوار تھے جن میں سے اکژیت خواتین کی تھی، حادثے کا شکار افراد کا تعلق محمود آباد سے ہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے ملاح عبدالجبار کو گرفتار کرلیا ہے جس پر الزام ہے کہ کشتی میں سوراخ ہونے کے باوجود وہ اسے گہرے پانی میں لے گیا، ملاح کےخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، ملاح کے خلاف مقدمہ میں لالچ اور غفلت سے متعلق دفعات شامل ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کینجھرجھیل میں ڈوبنے والے افراد کی نماز جنازہ آج بعد نماز عصر ادا کی جائے گی، جاں بحق ہونے والے تمام10افراد کی لاشیں ایدھی سرد خانہ کورنگی میں موجود ہیں، ورثا کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی تدفین محمودآباد کے مقامی قبرستان میں کی جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اہل خانہ نے بتایا کہ گزشتہ روز خاندان کے 28 افراد پکنک منانے کیلئے کینجھر جھیل گئے تھے، جھیل کی سیر کیلئے دو کشتیاں بک کرائی تھیں، واقعہ انتظامیہ کی غفلت کے باعث پیش آیا، اہلخانہ کا کہنا ہے کہ
اسپاٹ پر لائف جیکٹ سمیت کوئی خاص انتظامات نہیں کیے گئے تھے۔

مقامی لوگوں نےانسانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئےبہت مدد کی، اہلخانہ کا شکوہ ہے کہ کراچی آنے کے بعد کسی منتخب نمائندے، حکومتی رکن نے رابطہ نہیں کیا، صوبائی وزیر سعید غنی اس علاقے سے منتخب ہوئے، ان کے بھائی ناظم بنے، سعید غنی نہ ہی ان کے بھائی نے ہم سے رابطہ کیا۔