بلوچستان میں کورونا کیسز میں اضافہ، صوبائی حکومت کی عوام سے احتیاط کی اپیل

  • August 19, 2020, 11:26 am
  • COVID-19
  • 183 Views

کوئٹہ: ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ کورونا کے کیسز میں 12 اگست سے اضافہ ہوا ہے اس لئے عوام سے اپیل ہے کہ احتیاط کریں۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران لیاقت شاہوانی نے کہا کہ کورونا کے کیسز میں 12 اگست سے اضافہ ہوا ہے، گزشتہ 6 دنوں میں کورونا کے کیسز میں اضافے پر حکومت بلوچستان کو تشویش ہے ، صوبے میں کورونا ایک نئی لہر کی نظر آرہی ہے جو تشویشناک ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ ماہرین نے بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا کیسز میں دوبارہ اضافہ ہوسکتا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ کورونا کا خطرہ ٹلا نہیں ، اب بھی احتیاط کی ضرورت ہے اس لئے احتیاط کریں، اس وقت صوبے میں میرج ہال اور اسکول کے علاوہ تمام شعبوں کو کھول دیا گیا ہے، کورونا کے کیسز میں اضافے پر دوبارہ لاک ڈاوٴن لگایا جاسکتا ہے۔
لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سماجی اور معاشی شعبے کی ترقی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، بلوچستان کے 4اضلاع میں ٹیلی میڈیسن سروس کا آغا ز کردیا، ٹیلی میڈیسن کے لیے حکومت نے 5 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔