پولیو کو شکست دیکر ہی اپنے بچوں کو صحت مند مستقبل دے سکتے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

  • August 19, 2020, 11:26 am
  • Health News
  • 170 Views

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ پولیو کو شکست دیکر ہی ہم اپنے بچوں کو ایک محفوظ اور صحت مند مستقبل دے سکتے ہیں۔

انسداد پولیو کی خصوصی مہم کے آغاز پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ مہم کامیاب بنا کر صوبے کا صحت مند مستقبل یقینی بنایا جا سکتا ہے اور مہم کی کامیابی والدین اور سول سوسائٹی کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔

جام کمال خان نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران پولیو کیسز میں اضافہ باعث تشویش ہے، اس لئے ہم نے پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمہ کے لیے پختہ قومی عزم کے ساتھ کام کرنا ہوگا اور پولیو کو شکست دیکر ہی ہم اپنے بچوں کو ایک محفوظ اور صحت مند مستقبل دے سکتے ہیں۔
واضح رہے ملک بھر میں کورونا وباء کے خطرات کم ہونے کے بعد صوبائی دارالحكومت كوئٹہ سمیت بلوچستان كے 25 اضلاع میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آج سے آغاز ہوگیا جس میں 5 سال تک كی عمر كے 20 لاكھ 98 ہزار 7 سو 74 بچوں كو پولیو سے بچاؤ كے قطرے پلانے كا ہدف مقرر كیا گیا ہے اور مہم میں 8 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔