تعلیمی ادارے کھولے جائیں یا نہیں،7ستمبر کو فیصلہ ہوگا،وزیر تعلیم

  • August 21, 2020, 4:15 pm
  • Education News
  • 258 Views

اسلام آباد:وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولے جائیں یا نہیں، 7ستمبر کو صوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں حتمی فیصلہ ہوگا، حالات کے مطابق 15ستمبرکواسکول کھل سکتے ہیں،کورونا کی وجہ سے تعلیمی شعبہ بہت زیادہ متاثر ہوا۔

وزارت تعلیم کی2سالہ کارکردگی کے حوالے سے وزیر تعلیم شفقت محمود نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وجہ سے تعلیم کا شعبہ متاثر ہوا، نیشنل کوآرڈی نیشن سسٹم کو ایک فعال ادارہ بنایا، ہائیر ایجوکیشن نے ان لائن کلاسز شروع کیں لیکن اس میں مشکلات آئیں۔

شفقت محمود نے کہا کہ گیلپ کے مطابق 80لاکھ بچے ٹیلی اسکول سے استفادہ کر رہے ہیں، باقاعدگی سے چاروں صوبوں کیساتھ اجلاس کئے، یکساں نصاب کیلئے کوشاں ہیں۔

وفاقی وزیرتعلیم کا مزیدکہنا تھا کہ کوئی بھی فیصلہ صوبوں کی مشاورت کے بغیر نہیں کیا، تعلیم کے معاملے پر وفاق نے صوبوں کو اعتماد میں لیا اور ملکر طلبا کو پرموٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔

شفقت محمود نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے بند کئے گئے اسکول کھولنے سے متعلق فیصلے کیلئے 7 ستمبر کو اجلاس طلب کیاگیا ہے جس میں اسکول کھولنے یا نہ کھولنے کے بارے میں حتمی فیصلہ ہوگا، حالات کے مطابق 15ستمبرکواسکول کھل سکتے ہیں۔