دیپالپور میں خاتون وکیل کو اغواء کے7 روز بعد سڑک کنارے پھینک دیا گیا

  • August 24, 2020, 11:00 am
  • National News
  • 392 Views

دیپالپور میں خاتون وکیل کواغواء کے7روز بعد سڑک کنارے پھینک دیا گیا، لوگوں نے ہاتھ پاؤں کھولے تو خاتون بدترین تشدد، ظلم و زیادتی سے چُور تھی، خاتون نے خشک حلق اور لڑکھڑاتی آواز میں بتایا کہ میں چھ بچوں کی ماں اور وکیل ہوں، میرے سر پر دوپٹہ دیں۔ تفصیلات کے مطابق دیپالپور میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، خاتون وکیل کو اغواء کے بعد ظلم و زیادتی کا نشانہ بنا کر سڑک کنارے پھینک دیا گیا، نسرین ارشاد کو 14 اگست کو اغواء کیا گیا۔
سات آٹھ روز بعد انہیں ہاتھ باندھ کر اور منہ پر پٹی لگا کر گزشتہ رات سڑک کنارے پھینکا گیا۔ جہاں پر لوگوں کو معلوم ہوا تو اس کو اٹھایا اور اس کی حالت بارے دریافت کیا۔ خاتون وکیل نے بتایا کہ میں وکیل ہوں میرے سر پر دوپٹہ دے دیں۔
اس دوران خاتون کا حلق خشک تھا، اور اس سے بولا بھی نہیں جا رہا تھا۔



انہوں نے بتایا کہ وہ دیپالپور کی وکیل ہیں اور ان کے چھ بچے ہیں۔
وکلاء برادری اور سماجی و عوامی حلقوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسی طرح فیصل آباد میں بھی ایک ہفتہ قبل اغواء ہونے والے وکیل کو قتل کر دیا گیا ہے، مغوی وکیل کی تشدد زدہ لاش رحیم یار خان کے علاقے سے ملی ہے۔ فیصل آباد کے علاقے مدینہ ٹائون کے رہائشی اعجاز احمد ایڈووکیٹ کو 17 اگست کو گھر سے اغواء کیا گیا تھا، مغوی کی اہلیہ اقصیٰ رشید نے تھانہ مدینہ ٹائون میں اپنے شوہر اعجاز ایڈووکیٹ کے اغواء کا مقدمہ درج کروایا تھا۔
مغوی کی اہلیہ کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق میاں اعجاز کو جائیداد کے تنازع پر اس کی بہنوں عدیلہ، ثوبیہ اور والدہ شمیم بانو نے سکھر میں تعینات ایک ڈی ایس پی مسعود اور پولیس وردیوں میں ملبوس 13 سے 14 نامعلوم افراد کے ہمراہ گھر سے اغواء کیا تھا۔پولیس کے مطابق مقتول کی لاش رحیم یار خان سے ملی ہے جس پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں۔
پولیس کی جانب سے اس ضمن میں مزید تفتیش کی جا رہی ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ دوسری جانب نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسران نے اغوا کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مغوی کو بازیاب کرانے کے بعد تینوں اغوا کاروں کو مقامی پولیس کے حوالے کردیا۔ موٹروے پولیس کے افسران معمول کی ڈیوٹی پر تھے کہ بیٹ 10 کے آپریٹر کی طرف سے میسج پاس کیا گیا کہ کچھ نامعلوم افراد ایک عامر نامی شخص کو اغوا کرکے گاڑی نمبر LEC 4049 میں لاہور کی طرف جا رہے ہیں۔
یہی میسج بیٹ 11 کے تمام افسران کو بھی پاس کیا گیا ہے۔ چیف پٹرول افسر راشد بھٹی جو کہ خود پٹرولنگ پر موجود تھے ۔ انہوں نے گاڑی کو دیکھا اور گاڑی کا پیچھا کیا جبکہ آپریشن افسر انسپکٹر ظفر اقبال اور انسپکٹر نفیس شفقت جو کہ پہلے ہی گاڑی کے تعاقب میں تھے ، نے ملکر گاڑی کو فوری طور پر روک لیا۔ افسران نے 3 ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر لیا جبکہ ایک ملزم جو کہ گاڑی چلا رہا تھا وہ بھاگنے میں کامیاب ہو گیا- موٹروے پولیس کے افسران نے مغوی عامرکو درست حالت میں بازیاب کرکے تمام تر قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد تینوں ملزمان ، گاڑی اور مغوی عامر کو پولیس سٹیشن ایمن آباد کے سب انسپکٹر زاہد کے حوالہ کر دیا ہے۔