ڈاکٹر آپریشن کے دوران مریضہ کے پیٹ میں تولیہ بھول گئے

  • August 24, 2020, 12:10 pm
  • Health News
  • 183 Views

اوکاڑہ: پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں زچگی کے آپریشن کے دوران ڈاکٹر مریضہ کے پیٹ میں تولیہ بھول گئے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے ضلع اوکاڑہ چونگی نمبر 6 کے قریب نجی اسپتال میں خاتون کا زچگی کا آپریشن ہوا، دوران آپریشن ایم ایس سوشل سیکیورٹی اسپتال ڈاکٹر جمیل مریضہ کے پیٹ میں تولیہ بھول گئے۔

ذرائع کے مطابق انعم حسین نامی خاتون کو بچے کی پیدائش کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا چند روز بعد مریضہ کے پیٹ میں درد شروع ہوگیا۔

مریضہ کے ورثا اسے چیک اپ کروانے کے لیے ساہیوال کے نجی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم نے مریضہ کا معائنہ کیا تو پیٹ میں تولیے کا انکشاف ہوا۔

خاتون کا ایک اور آپریشن کرنے کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم نے پیٹ سے ایک بڑا تولیہ نکال لیا، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مریضہ آپریشن کے بعد صحت مند ہیں۔

خاتون انعم حسین کا کہنا تھا کہ سوشل سیکیورٹی اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر جمیل اور ساتھی ڈاکٹر ثمینہ رانا کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

خاتون کے ورثا کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے عدالت اور ہیلتھ کیئر کمیشن سے بھی رابطہ کریں گے، دوسری جانب واقعے پر ڈاکٹر جمیل نے موقف دینے سے انکار کردیا۔