کورونا نے وفاقی وزیر اعجاز شاہ کے ایک اور بھائی کی جان لے لی

  • August 24, 2020, 2:23 pm
  • COVID-19
  • 160 Views

وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کے بھائی پیر طارق احمد شاہ انتقال کر گئے۔تفصیلات کے مطابق کورونا نے اعجاز شاہ کے ایک اور بھائی کی جان لے لی۔وفاقی وزیر اعجاز شاہ کے بھائی اور صدر ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن ننکانہ صاحب پیر طارق احمد شاہ کورونا سے لڑتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔پیر طارق شاہ کی تدفین لاہور میں ہو گی۔
اور ان کی غائبانہ نماز جنازہ آبائی گاؤں نبی پور پیراں میں ادا کی جائے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی پیر طارق احمد شاہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔صدر ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن پیر طارق احمد شاہ کے انتقال پر ڈسٹرکٹ بار ننکانہ نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔ چند روزقبل اعجاز شاہ کے چھوٹے بھائی پیر حسن احمد شاہ بھی کورونا کی وجہ سے ہی جاں بحق ہو گئے تھے۔
چند روز میں دو بھائیوں کے انتقال پر علاقے میں بھی غم اور سوگ کی فضا قائم ہے۔خیال رہے کہ 26 جولائی کو وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کے چھوٹے بھائی پیر حسن احمد شاہ المعروف پپو شاہ رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے تھے۔ پیر حسن احمد لاہور ہسپتال میں زیرعلاج تھے،،پیر حسن احمد کا کرونا ٹیسٹ علاج کے بعد نیگٹو آگیا تھا ،پیر حسن احمد کو طبیعت خراب ہونے پر دوبارہ ہسپتال منتقل کیا گیا تھا ،تاہم پیر حسن لاہور ہسپتال میں وفات پا گئے، بعد ازاں پیر حسن احمد کی میت آبائی گاؤں نبی پور پیراں منتقل کر دی گئی تھی۔
پیر حسن احمد یونین کونسل نبی پور کے سابق چیئرمین بھی تھے،پیر حسن احمد مسلم لیگ ق کے سابق ضلعی صدر بھی تھے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے وزیر داخلہ اعجاز شاہ کے بھائی پیر حسن احمد کے انتقال پراظہار افسوس کیا تھا۔ ،اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطافرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل دے۔