پی آئی اے نے اندرون ملک سب سے طویل روٹ پر پروازوں کا آغاز کر دیا

  • August 24, 2020, 11:27 pm
  • Business News
  • 132 Views

پی آئی اے نے اندرون ملک سب سے طویل روٹ پر پروازوں کا آغاز کر دیا، قومی ائیرلائن سیاحت کے فروغ اور سیاحوں کی سہولت کیلئے کراچی سے اسکردو کیلئے ہفتہ وار 2 پروازیں آپریٹ کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق قومی ائیرلائن پی آئی اے نے ملک کے طویل ترین فضائی روٹ پر پروازوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کی جانب سے کراچی سے اسکردو کیلئے ہفتہ وار 2 پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں۔
اس روٹ پر پروازوں کے آغاز کا فیصلہ سیاحت کے فروغ اور سیاحوں کی سہولت کیلئے کیا گیا۔ کچھ روز قبل وزیراعظم عمران خان نے سیاحوں کی سہولت کیلئے اسکردو کیلئے پروازیں چلانے کی اجازت دی تھی جس کے تحت کراچی سے اسکردو کیلئے ہفتہ وار 2 پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔
پروازوں سے کراچی سے سیاح اور گلگت بلتستان سے شہری براہ راست اسکردو پہنچ سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ اندرون ملک تمام روٹس بھی بحال کر دیے گئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے فضائی سفر کر مزید آسان کرنے کیلئے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کرونا وائرس کے سلسلے میں بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے بھی نئی سفری ہدایات جاری کی ہیں، سی اے اے کی جانب سے سفری سہولتوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔سی اے اے کے شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے تبدیل شدہ سفری سہولتوں کے ہدایت نامے میں کہا ہے کہ یہ ہدایات نامہ عام مسافروں کے علاوہ چارٹر پرائیوٹ ایئر کرافٹ پر بھی لاگو ہوگا۔
کرونا وائرس کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نئی سفری پالیسی کی میعاد اب 31 اکتوبر تک ہو گئی ہے، بورڈنگ پاس جاری کرنے سے قبل کرونا ٹیسٹ نیگیٹو کی شرط پر عمل درآمد کرنے والی ایئر لائنز پر سیٹ کا وقفہ رکھنے کی شرط ختم کر دی گئی۔سول ایوی ایشن کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ کے بغیر بورڈنگ کارڈ جاری کرنے والی پروازوں پر سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے گا۔
واضح رہے کرونا وائرس خدشات کی وجہ سے پاکستان میں بین الاقوامی پروازیں کئی ماہ تک بند رہی تھیں۔ بین الاقوامی پروازوں کے علاوہ اندرون ملک پروازوں پر بھی پابندی عائد رہی۔ تاہم حالات میں بہتری آنے اور عالمی سطح پر فلائٹ آپریشن کی بحالی کے بعد پاکستان بھی اپنا اندرون ملک اور بیرون ملک فلائٹ آپریشن بحال کر چکا۔