خواب میں اہلخانہ کی قربانی دینے کے لیے کہا گیا۔ پنو عاقل میں 11 افراد کو قتل کرنے والا ملزم کا بیان

  • August 24, 2020, 11:28 pm
  • Breaking News
  • 218 Views

پنوعاقل : 18 اور 19 اگست کی درمیانی شب پنو عاقل میں ایک دل دہلا دینے والاواقعہ سامنے آیا تھا۔ سندھ کے ضلع سکھر کی تحصیل پنو عاقل میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد کے قتل کا مقدمہ مرکزی ملزم، اس کے بیٹوں اور دیگر کے خلاف درج کر لیا گیا۔ایس ایس پی پنوں عاقل عرفان سموں کے مطابق 11 افراد کے قتل کی ایف آئی آر میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مقدمہ قتل میں مرکزی ملزم گھر کا سربراہ عبد الوہاب، اس کے بیٹے کلیم اللّٰہ، حبیب اللّٰہ، مجیب اللّٰہ اور دیگر نامزد کیے گئے ہیں۔قتل کے الزام میں باپ عبدالوہاب اور اس کے 4 بیٹوں کو گزشتہ روز ہی گرفتار کر لیا گیا تھا۔تفتیش کے دوران مرکزی ملزم نے کہا کہ اس نے اللہ کو خوش کرنے کے لیے قربانی دی۔
ملزم اور اس کے بیٹوں نے بیان ریکارڈ کروایا کہ ہمیں خواب میں قربانی دینے کا کہا گیا تاکہ آنے والی مصیبتیں ٹل جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ خواب میں ہمیں کہا گیا کہ آپ قربانی دیں تاکہ آپ کے سروں پر منڈلانے والی آفت ٹل جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پنوعاقل میں پیش آنے والے قتل کے ہولناک واقعے میں 11 افراد کو بے رحمی سے ذبح کر دیا گیا تھا۔11 افراد کو خنجر سے گلے کاٹ کر قتل کیا گیا تھا، مقتولین میں ملزم عبدالوہاب کی بیوی، 4 بیٹیاں، 3 بیٹے، بہو، پوتی اور پوتا شامل ہیں۔
ایس ایس پی سکھر کے مطابق ملزم وہاب اللّٰہ اور اس کے بیٹے کلیم اللّٰہ نے 11 افراد کو قتل کیا، ملزم کے 4 بیٹے بھی قتل میں ملوث ہیں۔ سکھر پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک ہی وقت میں خاندان کے تمام افراد کو قتل کیا اور معاملے کو زمین کے تنازع پر مخالفین کی کارروائی قرار دینے کا منصوبہ بنایا۔پولیس کو مرکزی ملزم وہاب اللّٰہ، بڑے بیٹے کلیم اور چھوٹے بیٹے حزب اللّٰہ نے ابتدائی ویڈیو بیان ریکارڈ کرا دیئے ہیں۔
وہاب اللّٰہ نے پولیس کو بتایا کہ بھائیوں سے جھگڑے اور صدمے کی وجہ سے بیوی اور بیٹی کو تیز دھار آلے سے قتل کیا۔ ملزم نے کہا کہ بیوی اور بیٹی کو میں نے اور دیگر 9 افراد کو میرے بیٹے کلیم اللّٰہ نے قتل کیا، اپنے بیان میں کلیم اللّٰہ نے والد کے بیان کی تصدیق کی اور 9 افراد کے قتل کا اعتراف کر لیا۔ملزم حزب اللّٰہ نے اپنے بیان میں انکشاف کیا کہ والد اور بڑے بھائی نے تمام افراد کو قتل کیا، اس وقت ہم 3 بھائی پہرے داری پر تھے۔
ملزم نے کہا کہ والد مجھے بھی قتل کرنا چاہتے تھے، میں نے ساتھ دینے کا کہا تھا تو چھوڑ دیا، قتل کے بعد والد اور ہم چاروں بھائی گھوٹکی چلے گئے۔ملزم حزب اللّٰہ نے بتایا کہ زمین کے جھگڑے پر مخالفین پر الزام لگانے کے لیے گھر والوں کو قتل کیا۔ایس ایس پی سکھر کے مطابق تمام ملزمان کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے ہیں ،معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔