بلوچستان میں کورونا کیسز میں اچانک اضافہ

  • August 26, 2020, 11:07 am
  • COVID-19
  • 167 Views

بلوچستان میں کورونا وائرس کیسز میں اچانک بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جہاں 11 اضلاع میں 24 گھنٹوں کے دوران 104 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق منگل کو 471 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور اس دوران صوبے کے 11 اضلاع میں 104 مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس سے صوبے میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 12 ہزار 664 ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 50 مریضوں کے کورونا سے مکمل صحت یاب ہونے کے بعد اب تک صحت یاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 11 ہزار 510 ہوگئی ہے۔

صوبے میں کورونا ریکور کرنے والوں کی شرح 91 فیصد ہے جب کہ 1013 مریض زیر علاج ہیں اور ان کی شرح صرف 8 فیصد ہے۔

دوسری جانب بلوچستان میں کورونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 141 ہے، صوبے میں اموات کی شرح ایک فیصد ہے جب کہ ابھی 203 افراد کے کیے گئے کورونا ٹیسٹ کی لیبارٹری رپورٹ آنا باقی ہے۔