حکومت بلوچستان کے حقوق اور وسائل کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے، جام کمال

  • August 26, 2020, 11:18 am
  • National News
  • 84 Views

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے منگل کے روز یہاں صوبائی وزراء واراکین صوبائی اسمبلی کی ہونے والی ملاقات کے دوران اہم امور پر قانون سازی اور آئینی وسیاسی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ موجودہ دور حکومت میں مختلف اہم صوبائی امور پر ریکارڈ قانون سازی کی گئی ہے اور گذشتہ دو سال کے عرصہ میں کابینہ سے قانونی مسودات کی منظوری کے بعد صوبائی اسمبلی سے36 بل پاس کئے گئے ہیں۔جو کہ نافذالعمل ہیں جس کے سرکاری امور کی انجام دہی کے عمل پر دوررس نتائج مرتب ہوں گے اور عوامی مفادات کا تحفظ یقینی ہوسکے گا، اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ وزیراعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں مخلوط صوبائی حکومت وہ تمام اقدامات کررہی ہے جو صوبے کے وسیع تر مفاد میں ہیں، بلوچستان کے حقوق اوروسائل کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے بڑے پیمانے پر نئے قوانین کے ساتھ ساتھ پرانے قوانین میں تبدیلی اور ترامیم کی گئی ہیں۔اور ضرورت کے مطابق مزید قانون سازی کا عمل جاری رہے گا جو کہ پارلیمنٹ کی بنیادی اور اولین ذمہ داری ہے، اجلاس میں صوبائی وزراء میر اسد بلوچ، سردار نور محمد دمڑ، میر ظہور بلیدی،میر عارف جان محمد حسنی، میر سلیم کھوسہ، نوابزادہ طارق مگسی، مٹھا خان کاکڑ، پارلیمانی سیکریٹری سردار مسعود لونی، عبدالرشیدبلوچ، دھنیش کمار، اراکین صوبائی اسمبلی میر گہرام بگٹی اور عبدالقادر نائل نے شرکت کی۔