بلوچستان میں دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے اتحاد واتفاق کی ضرورت ہے، آئی جی ایف سی

  • August 26, 2020, 11:20 am
  • National News
  • 101 Views

کوئٹہ: آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل فیاض حسین شاہ نے سینئر ملٹری اور متعلقہ سول انتطامی آفیسران کے ہمراہ چمن کا دورہ کیا۔ ہیڈکوارٹر ایف سی چمن سکاوٹس میں آئی جی ایف سی کو پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی اور علاقے کی مجموعی تازہ ترین صورت حال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی نے سخت ترین حالات میں فرائض کی انجام دہی پر ایف سی جوانوں کے بلند حوصلے کی تعریف کی اور مؤثر بارڈر سکیورٹی انتظامات کو سراہا۔بعدازاں انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان میجر جنرل فیاض حسین شاہ نے انتظامی افسران اور چمن کے قبائلی عمائدین سے ملاقات کی۔ قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی نے کہا کہ بلوچستان میں غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا عناصر اور دہشتگردوں کی مؤثر سرکوبی کیلئے اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے حصول میں تمام قبائل ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تعمیری اور مثبت کردار ادا کریں۔عوام قیام امن ترقی اور معاشی خوشحالی کیلئے دہشتگردوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کریں،اس موقع پر قبائلی عمائدین اور معتبرین نے قیام امن کیلئے ایف سی کی کوششوں اور قربانیوں کو سراہا، انہوں نے آئی جی ایف سی کو علاقے کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا، میجر جنرل فیاض حسین شاہ نے ان مسائل کومتعلقہ اعلیٰ حکام تک پہنچانے اور ان کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔