میر حاصل خان بزنجو کی وفات کے بعدسینیٹ کی خالی نشست پر کانٹے دارمقابلہ متوقع

  • August 26, 2020, 11:30 am
  • Political News
  • 281 Views

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے رہنماء مرحوم سینیٹر میر حاصل خان بزنجو کی وفات کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر ضمنی انتخاب میں حکومتی اتحادی جماعتوں اور متحدہ اپوزیشن امیدواروں کے درمیان کاٹنے دار مقابلہ متوقع ہے جبکہ نیشنل پارٹی کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کے رابطے اور پیش رفت ہونے پر امیدوار لانے پر سوچ بچار کافیصلہ کیا گیا ہے۔بلوچستان حکومت کے ذرائع نے این این آئی کو بتایا ہے کہ حکومتی اتحادی جماعتوں بلخصوص بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے سینیٹ کی خالی ہونیوالی نشست پر امیدوار کو حتمی شکل دینے کے لئے مشاورت کا سلسلہ آج شروع کیا جائیگا بتایا جاتا ہے کہ بی اے پی کے ایک بانی رہنماء اوروزیراعلیٰ کی حکومتی ٹیم میں شامل ایک شخصیت اس وقت فیورٹ ہیں تاہم اتحادی ابھی تک کسی بھی نام کو فائنل کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں یہ صورتحال آئندہ 24گھنٹوں میں واضح ہوگی۔اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈوکیٹ کے مطابق جمعیت علماء اسلام نے ابھی تک سینیٹ کے ضمنی امیدوار کی نشست پر کسی قسم کی مشاورت کا سلسلہ شروع نہیں کیا البتہ انکی کوشش ہوگی کہ متحدہ اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار لاکر اسے کامیاب بنایا جائے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں کوئی بھی فیصلہ آپسی مشاورت کے بعد کریں گی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ملک سکند ر خان ایڈوکیٹ نے این این آئی کو بتایا کہ متحدہ اپوزیشن جماعتیں مل بیٹھ کر اپنا مشترکہ امیدوار لانا چاہتی ہیں۔اس سلسلے میں جلد ہی مشاورتی نشست رکھی جائے گی۔نیشنل پارٹی کے مرکزی جنر ل سیکرٹری جان محمد بلیدی نے کہا کہ نیشنل پارٹی صورتحال کو دیکھ رہی ہے سیاسی جماعتوں بلخصوص اپوزیشن کی پارلیمانی جماعتوں کے قائدین نے اگر رابطہ کیا اور مثبت پیش رفت ہوئی تو نیشنل پارٹی اپنا امیدوار لانے پر ضرور سوچے گی۔ دوسری جانب ایوان بالا کی خالی نشست پر جو بھی امیدوار منتخب ہوگا۔وہ مارچ 2020میں ریٹائرہوجائیگا جسکی وجہ سے بہت سے لوگ اس ضمنی انتخاب میں خاصی دلچسپی نہیں لے رہے۔واضح رہے کہ مرحوم میر حاصل خان بزنجو کی وفات کے بعد خالی ہونے والی نشست پر کاغذات نامزدگی 27۱ور 28اگست کو جمع ہونگے جبکہ ضمنی انتخاب 12ستمبر کو ہوگا۔