ٹیچرز کے کورونا ٹیسٹ کی صرف تجویز ہے، حتمی فیصلہ نہیں ہوا : مراد راس

  • August 26, 2020, 1:51 pm
  • Education News
  • 193 Views

صوبائی وزیرتعلیم ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ کی صرف تجویز ہے جس پر حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اسکول کھولنے سے قبل اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ کی تجویز پر باقاعدہ گفت وشنید 7ستمبر کو ہونے والی تمام صوبائی وزرا تعلیم کی ملاقات میں ہوگی جس کے بعد اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محض ایک تجویز پر اس طرح کا رد عمل سمجھ سے بالاتر ہے۔

تاہم اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ سکول کھلنے پر اساتذہ کا کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیاگیا ہے، اساتذہ تین دن پہلے کا ٹیسٹ ساتھ لائیں گے، سکول کھلنے پر ایک کلاس کے تمام بچے بیک وقت سکول نہیں آئیں گے۔
کلاسز ڈبل شفٹ میں ہوں گی یا پھر باقی طالبعلم دوسرے روز سکول آئیں گے،طالبعلم گھر سے ماسک پہن کرآئیں گے۔

واضح رہے گزشتہ روز محکمہ صحت نے پنجاب نے 15ستمبر سے سکول کھولنے کیلئے ایس اوپیز جاری کیے ہیں۔ جن کے تحت سکولوں میں ان ڈور گیمز، جھولے ، اور کھیلوں کی سرگرمیو ں پر پابندی ہوگی۔سیمینارز، تقریری مقابلے اور ٹورنامنٹ کے انعقاد کی پابندی ہوگی۔ سکولوں میں مارننگ اسمبلی منعقد کروانے پر پابندی عائد ہوگی جبکہ سکولوں میں ماسک پہننا لازمی ہوگا۔
سکولوں کی انتظامیہ کیلئے ضروری ہوگا کہ سکولوں میں صابن اور ہینڈ سینیٹائزر کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ اسی طرح سانس کی تکلیف میں مبتلا طلباء ، سٹاف کو گھر تک محدود رکھا جائے گا۔ تعلیمی اداروں کو روزانہ کی بنیاد پر ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔تعلیمی اداروں اور سکولو ں میں احتیاطی تدابیر کے تحت 6 فٹ کا فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا جبکہ طالب علموں کے ہاتھ ملانے پر پابندی عائد ہوگی۔ تعلیمی اداروں میں روزانہ کی بنیاد پر بچوں کا ٹمپریچر چیک کیا جائے گا۔طالب علم اپنا دوپہر کا کھانا گھروں سے لائیں گے۔