وزیراعظم کا پاک افغان دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پرزور

  • August 27, 2020, 1:30 pm
  • National News
  • 91 Views

وزیراعظم عمران خان نے پاک افغان دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پرزوردیا ہے جو کہ مشترکہ مذہبی ثقافتی اور تاریخی اقدار اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان برادرانہ تعلقات پرمبنی ہیں۔

یہ بات انہوں نے افغان ہائی کونسل برائے قومی مصالحت کے چیئرمین ڈاکٹر عبداﷲ عبداﷲ سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے افغانستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون اور برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کےلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے بلکہ یہ مسئلہ صرف سیاسی مذاکرات کے ذریعے حل کیاجاسکتا ہے۔

افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار پرروشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہاکہ افغان قائدین اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اس مسئلے کے سیاسی حل کو یقینی بنائیں جس میں تمام گروہوں کی شمولیت ہو، تاکہ افغانستان میں پائیدار امن وسلامتی اور خوشحالی کویقینی بنایاجاسکے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان افغان امن مذاکرات کے جلد سے جلد انعقاد کاخواہاں ہے۔

وزیراعظم نے ڈاکٹر عبداﷲ عبداﷲ کو جلد پاکستان کے دورے کی دعوت دی تاکہ افغان امن عمل پرمشاورت کی جائے اور دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات کو فروغ دیا جاسکے۔