کراچی کے مشہور ملینیم مال کے قریب آسمانی بجلی گر پڑی

  • August 28, 2020, 10:23 am
  • Weather News
  • 132 Views

کراچی کے مشہور ملینیم مال کے قریب آسمانی بجلی گر پڑی، آسمانی بجلی کی وجہ سے دیوار گرنے سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، 9 افراد جاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی سے انتہائی تشویش ناک خبر موصول ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ طوفانی و تاریخی مون سون بارشوں کی زد میں آنے والے شہر قائد میں اب آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ جمعرات کی شب کو کراچی کے مشہور ملینیم مال کے قریب آسمانی بجلی گرنے کا خوفناک واقعہ پیش آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آسمانی بجلی کی وجہ سے ملینیم مال کے قریب ایک دیوار گر گئی جس کے ملبے تلے کئی افراد دب گئے۔ آخری اطلاعات تک ملبے تلے دبنے سے بچوں اور خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
جبکہ کئی افراد شدید زخمی ہیں۔

لوگوں اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ روز کے دوران کراچی میں آسمانی بجلی گرنے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ گزشتہ 2 واقعات کے دوران بھی 7 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ آج بروز جمعرات کو ملک کے دیگر کچھ علاقوں میں بھی آسمانی بجلی گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
جبکہ تاریخوں بارشوں نے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کو ڈبو دیا ہے۔ طوفانی اور مسلسل مون سون بارشوں سے ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی ڈوب چکا ہے۔ پورے کراچی میں اس وقت صورتحال کنڑول سے باہر ہو چکی ہے۔کراچی ایک سمندر کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔ اب تک مختلف واقعات میں کئی افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ کراچی میں ماہ اگست کے دوران بارشیں برسنے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے پاس کراچی کی بارشوں کا 89 سال کا ریکارڈ موجود ہے، اس ریکارڈ کے مطابق شہر قائد میں گزشتہ 89 سال کے دوران کبھی اتنی بارش نہیں ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ شہر قائد میں 400 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔