ملک کا دوسرا بڑا ڈیم 5 سال بعد مکمل طور پر بھر گیا

  • August 28, 2020, 10:26 am
  • National News
  • 186 Views

ملک کا دوسرا بڑا ڈیم 5 سال بعد مکمل طور پر بھر گیا، منگلا ڈیم میں مزید پانی اسٹور کرنے کی گنجائش ختم، ہنگامی اقدامات کی تیاریاں، تباہی مچنے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں سے منگلا ڈیم کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگلا میں واقع ملک کا دوسرا بڑا ڈیم مکمل طور پر پانی سے بھر گیا ہے۔
واپڈا منگلا فلڈ کاسٹنگ کے مطابق منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1239فٹ سے ریکارڈ کی گئی جو کہ انتہائی خطرناک سطح میں شامل ہے۔ گزشتہ روز منگلا ڈیم میں پانی کی آمد 25ہزار کیوسک جبکہ ڈیم سے پانی کا اخراج 4800 کیوسک تک ریکارڈ کیا گیا۔ منگلا ڈیم میں مزید پانی کی گنجائش ختم ہوگئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 5 سال بعد منگلا ڈیم مکمل طور پر بھر گیا ہے۔
موجودہ صورتحال اور کسی بھی ہنگامی حالات سے بچنے کے لیے آئندہ 48گھنٹوں میں منگلا ڈیم سے ایک لاکھ کیوسک تک پانی کا ریلہ چھوڑا جا سکتا ہے جس سے منگلا ڈیم میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ حکام کی میٹنگ طلب کی گئی ہے جس کے بعد ڈیم میں پانی کی صورتحال پہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ زرائع کے مطابق آئندہ 48گھنٹو ں میں کسی وقت بھی ڈیم سے پانی کا اخراج شروع کیا جا سکتا ہے جس سے دریائے جہلم میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا رہا ہے۔ سیلابی صورتحال سے آبادی والے علاقوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت ملک کے بیشتر علاقوں میں طوفانی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مون سون بارشوں سے سب سے زیادہ کراچی اور چترال کے علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ کراچی کے قریب واقع حب ڈیم بھی 13 سال بعد مکمل طور پر بھر گیا۔ جبکہ کراچی میں ایک دن کے دوران زیادہ سے زیادہ بارش کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ کراچی میں صرف ایک دن کے دوران 230 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ جبکہ این ڈی ایم اے کی جانب سے گزشتہ روز الرٹ جاری کیا گیا تھا کہ ملک کے تمام بڑے دریاوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال پیشن گوئی کی گئی تھی کہ مون سون سیزن کے دوران توقع سے زائد بارشیں ہوں گی۔