طوفانی بارشوں کے باعث 9 اضلاع میں ہنگامی حالات کا الرٹ جاری

  • August 28, 2020, 10:34 am
  • Weather News
  • 122 Views

کوئٹہ: بلوچستان میں بارش کاسلسلہ جاری ہونے کی وجہ سے دریاؤں میں درمیانے درجے کا سیلاب آگیا ہے جس کے باعث اب تک چار بچے ڈوب گئے جن میں سے ایک جاں بحق ہوگیا۔

بدھ کے روز بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔ کوئٹہ کے علاقے کلی ناصران ہنہ بائی پاس برساتی نالے میں چار بچے ڈوب گئے جن میں سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ تین بچوں کو علاقہ مکینوں نے بحفاظت نکال کر ان کی جان بچائی ۔خضدار میں جاری بارش سے کرخ، مولہ، زہری، مولہ، وڈھ، نال کے علاقوں میں متعدد مویشی سیلابی ریلوں میں بہہ گئے، کچے گھروں کی دیواریں منہدم، کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

قومی شاہراہوں پر آمدورفعت معطل اور کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہے۔ گوادر رتو ڈیرو قومی شاہراہ ایم ایٹ پر بھلونک کے مقام پر چوڑا شگاف پڑگیا۔ مولہ سونمبانچی میں طغیانی کے باعث شاہراہ بہہ جانے سے کرخ کاشہداد کوٹ اورخضدار کازمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ ہائی وے بھلونک برج سیلابی ریلے میں بہہ گیا جب کہ کرخ کے مختلف علاقوں میں 4 سے 5 فٹ پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوا ہے۔
مسلسل بارش سے نشیبی علاقہ زیر آب آگئے ہیں جبکہ پہاڑوں سے آنے والے پانی کے باعث برساتی نالوں میں سیلابی ریلہ محلہ سن چکوکے کچے مکانات میں داخل ہوگیایلابی ریلہ میں خانہ بدوشوں کی مال مویشیوں کے بہہ جانے کی اطلاعات ہیں۔ نصیر آباد واس سے ملحقہ علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے سے درجنوں کچے مکانات منہدم ہو گئے، پہاڑی علاقوں سے سیلاب آنے کا اندیشہ ہے۔

ڈیرہ مراد جمالی قومی شاہراہ پر ایک فٹ سے زائد پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کو آمد ورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ،پہاڑی سلسلوں سے پانی کے ریلے آنے سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہوئی ہے جبکہ کئی علاقوں میں فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں پورالی ندی میں سیلاب ریلہ داخل ہونے سے پانی قریب واقع گوٹھ وڈیری بھٹ میں داخل ہوگیا جس میں 65 کے قریب لوگ پھنس گئے جنہیں ریسکیو کرلیا گیا۔

بارشوں کے باعث ضلع انتظامیہ نے شہریوں کو کوہلو سبی شاہراہ پر غیر ضروری سفر کرنے سے گریزکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ کوہلو سبی شاہراہ کے کئی مکامات پر لینڈ سلائیڈنگ کاخطرہ موجود ہے موسلادھار بارشوں سے سفر کرنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے کوہلو سمیت صوبے کے 9اضلاع میں ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔