سوات ، کوہستان میں سیلاب سے تباہی ،23 افراد ریلے میں بہہ گئے

  • August 28, 2020, 12:50 pm
  • Weather News
  • 140 Views

سوات اور کوہستان میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی ،23 افراد ریلے میں بہہ گئے، 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں دیگرکی تلاش جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم کے مطابق مدین میں شاہ گرام اور تیرات نالے میں طغیانی سے کئی مکانات بہہ گئے ، 40مکانات ،رابطہ پل سمیت دیگراملاک کوبھی نقصان پہنچا جبکہ 17 افرادریلے میں بہہ گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق 6افرادکی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 11کی تلاش جاری ہے ، علاقے میں امدادی کارروائی جاری ہیں۔

کوہستان کے دور افتادہ گاؤں لائچی نالے میں اُونچے درجے کے سیلاب نے تباہی مچادی ، ایک ہی خاندان کے 7 افراد سیلاب میں بہہ گئے، کوہستان پولیس کے مطابق اب تک 3 خواتین کی لاشیں مل گئی جبکہ بچوں سمیت 3 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔

شاہراہ قراقرم پرتتہ پانی سےلال پڑی کے درمیان لینڈ سلائیڈنگ سے کئی گاڑیوں کونقصان پہنچا اور ایک ٹینکر کا ڈرائیور جاں بحق ہوگیا، شاہراہ قراقرم پرلینڈ سلائیڈنگ کے باعث آمدروفت معطل ہوگئی ہے، شاہراہ بند ہونے سے مقامی افراد اور سیاح دونوں جانب پھنس گئےہیں ۔