ریسکیو آپریشن میں تعاون پر سندھ حکومت کا نیوی و دیگر اداروں کا شکریہ

  • August 28, 2020, 4:04 pm
  • National News
  • 116 Views

کراچی: شہر قائد سمیت سندھ میں ریکارڈ توڑ موسلا دھار بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے دوران ریسکیو آپریشن میں تعاون پر سندھ حکومت نے پاک آرمی، نیوی اور دیگر اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں موسلا دھار بارشوں کے سلسلے میں ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر متوقع اور ریکارڈ توڑ بارشوں سے سندھ میں تباہی آئی، کراچی کے تمام اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں، بارشوں سے جانوں کے ضیاع اور گھروں میں نقصان پر افسوس ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے بیان میں کہا کراچی کے تمام اضلاع میں سرکاری مشینری متحرک ہے، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ افسران کے ہمراہ متاثرہ مقامات کا دورہ کر رہے ہیں، وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی بھی فیلڈ پر موجود ہیں، ریسکیو آپریشن میں تعاون پر پاک آرمی، نیوی و دیگر اداروں کے شکر گزار ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ ضلع ملیر اور غربی میں بے گھر افراد کو متبادل رہائش فراہم کی گئی ہے، متاثرہ افراد کو اسکولز اور مختلف کیمپس میں ٹھہرایا گیا ہے، لیکن بعض مقامات پر متاثرہ افراد عارضی کیمپس جانے سے گریز کر رہے ہیں، شہریوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے گزارش ہے کہ سندھ حکومت کا ہاتھ بٹائیں، یہ تنقید کا نہیں لوگوں کو بچانے کا وقت ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مختلف علاقوں کے دورے پر ہیں، انھوں نے آج یوسف گوٹھ کا دورہ کیا اور عوام کی شکایات سنیں، اور ریلیف کاموں کا جائزہ لیا، یار محمد گوٹھ کا دورہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا آپ سے مجھے شکایات ہیں کہ آپ نے ملیر ندی کے پیٹ میں گھر بنائے، آپ کی تجاوزات کی وجہ سے پورا شہر ڈوب رہا ہے، آغا ٹاؤن کے نام پر ملیر ندی آپ نے بلاک کی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے سہراب گوٹھ، حسن اسکوائر، جیل چورنگی کا بھی دورہ کیا، اور نیپا سے لے کر حسن اسکوائر تک روڈ کا معائنہ کیا۔