محکمہ موسمیات کی ہفتہ سے پیر کے دوران سندھ اور بلوچستان میں مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی

  • August 28, 2020, 9:49 pm
  • Weather News
  • 141 Views

محکمہ موسمیات پاکستان نے ہفتہ سے پیر کے دوران سندھ اور بلوچستان میں مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کر دی، موسلادھار بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ اور زیریں سندھ کے نشیبی علاقے دوبارہ زیر آب آنے کا خدشہ ہے، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق (آج) ہفتہ سے پیر کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، شہید بینظیرآباد، دادو، تھرپارکر، نگرپارکر، میرپورخاص، اسلام کوٹ، عمر کوٹ، سانگھڑ، سکھر اور لاڑکانہ میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
اتوار اور پیر کو لسبیلہ، خضدار، آواران، بارکھان، ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، کوہلو اور سبی میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
اس دوران بہاولپور، رحیم یار خان، خانپور، راجن پور، ڈی جی خان، ملتان، خانیوال اور ساہیوال میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، میرپور خاص اور بدین میں اتوار اور پیر کو موسلادھار بارش کے باعث مزید اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ اس دوران سبی، قلات، خضدار، لسبیلہ اور ڈیرہ غازی خان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔