سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا کے 6 مریض جاں بحق

  • August 28, 2020, 9:57 pm
  • COVID-19
  • 169 Views

کراچی: صوبہ سندھ میں کرونا وائرس سے مریضوں کے جاں بحق ہونے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی کرونا سے 6 مریضوں کا انتقال ہو گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج وزیر اعظم کی زیر صدارت این سی سی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کرتے ہوئے بتایا کہ 27 اگست کو 6337 ٹیسٹ کیے گئے ہیں، ٹیسٹ نتائج میں 204 نئے کیسز سامنے آئے جو 3 فی صد ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ اب تک سندھ میں کرونا وائرس سے 2394 مریض انتقال کر چکے ہیں، 3953 مریض زیر علاج ہیں، جن میں سے 3637 گھروں میں، 7 آئسولیشن مراکز میں، اور 309 اسپتالوں میں ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق 210 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، 31 کرونا مریض وینٹی لیٹرز پر رکھے گئے ہیں۔


انھوں نے کہا کہ کرونا کی گزشتہ ایک ہفتے میں شرح بہت کم ہے، ہمیں کرونا کے ساتھ رہنا سیکھنا ہوگا جب تک ویکسین نہ آجائے،تاہم بچوں اور بزرگوں کو خاص طور پر بچانا ہوگا۔

ادھر پنجاب میں بھی گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 مریضوں کا انتقال ہوا ہے، جب کہ 96 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق کی گئی، آج وزیر اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبے میں 92421 مریض کرونا سے صحت یاب ہو گئے ہیں اور صرف 2020 کیسز رہ گئے۔