راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس بند کر دی گئی

  • August 29, 2020, 8:17 pm
  • National News
  • 137 Views

راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس بند کر دی گئی، محرم الحرام کے دوران سیکورٹی خدشات کے باعث آج بروز ہفتہ اسلام آباد میں جبکہ کل بروز اتوار کو روالپنڈی میں بس سروس بند رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ نے محرم الحرام کے دوران سیکورٹی خدشات اور یوم عاشور کی آمد پر میٹرو بس سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ 9 اور 10 محرم الحرام کو سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے میٹرو بس سروس بند کی جائے گی۔ تاہم دونوں شہروں میں ایک ساتھ میٹرو بس سروس بند نہیں کی جائے گی۔ آج 9 محرم بروز ہفتہ کو اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بند رہے گی۔ جبکہ کل 10 محرم بروز اتوار کو راولپنڈی میں ٹرانسپورٹ سروس معطل رہے گی۔
دوسری جانب میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے زیر اہتمام ہفتہ وار اتوار بازار بھی عاشورہ محرم الحرام کی وجہ سے کل اتوار کو بند رہیں گے۔

اس کے علاوہ کل یوم عاشور کے موقع پر راولپنڈی اور اسلام آباد کی بیشتر شاہراہیں عام ٹریفک کی آمد و رفت کیلئے بند رہیں گی۔ راولپنڈی میں پنجاب پولیس اور وفاقی دارالحکومت میں اسلام آباد پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ حکومت نے 9 اور 10 محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے۔