امریکا نے اپنے شہریوں کو کسی بھی پاکستانی ائیرلائن سے سفر کرنے سے روک دیا

  • August 29, 2020, 8:19 pm
  • National News
  • 94 Views

امریکا نے اپنے شہریوں کو کسی بھی پاکستانی ائیرلائن سے سفر کرنے سے روک دیا، اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں سفارتی اہلکاروں پر بنا اجازت کے کسی بھی پاکستانی ائیرلائن سے سفر کرنے پر پابندی عائد، دیگر شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کا تنازعہ ملکی ائیرلائنز کیلئے مزید مشکلات کا باعث بن گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد میں واقع امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں اور سفارتی اہلکاروں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے۔ جاری ٹریول ایڈوائزری میں امریکی سفارتی اہلکاروں کو کہا گیا ہے کہ وہ بنا اجازت کے کسی بھی پاکستانی ائیرلائن سے سفر نہیں کر سکتے۔
کسی بھی پاکستانی ائیرلائن سے سفر کرنے سے قبل انہیں باقاعدہ اجازت حاصل کرنا ہوگی۔

جبکہ امریکی شہریوں کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ بھی پاکستانی ائیرلائنز سے سفر کرنے سے گریز کریں۔ امریکی شہری کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ہر ممکن طور پر پاکستانی ائیرلائنز سے سفر کرنے سے گریز کریں۔ امریکی شہری تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رہیں اور پھر ہی کسی پاکستانی ائیرلائن سے سفر کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کریں۔ بتایا گیا ہے کہ امریکی سفارت خانے کی جانب سے یہ ایڈوائزری پاکستانی ائیرلائن کی ریٹنگ کم کیے جانے کے بعد جاری کی گئی ہے۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی جانب سے پاکستانی ائئرلائن کی ریٹنگ کم کر کے کیٹیگری 2 کر دی گئی تھی۔ کہا گیا کہ پاکستانی ائیرلائن بین الاقوامی معیار کے مطابق نہیں ہیں۔ یہ اقدام وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کے اس بیان کے بعد اٹھایا گیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کے بیشتر پائلٹس کے لائسنس جعلی ہیں۔