چوہدری شجاعت حسین کا عمران خان کو ایک ہفتہ کراچی میں گزارنے کا مشورہ

  • August 29, 2020, 8:34 pm
  • National News
  • 94 Views

مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے وزیراعظم عمران خان کو ایک ہفتہ کراچی میں گزارنے کا مشورہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ کراچی ہمیشہ سیاسی بیان بازی کی نظرہوجاتاہے، افسوس ہے کہ الزام تراشی کےسواعملی طور پر کچھ نہیں کیاگیا،اس ملک میں ہمیشہ اقتداراوراختیارات کا رونا رویا گیا، سب ایک دوسرے پر الزامات لگا کربری الذمہ ہوتے رہے ہیں، وزیراعظم خود کراچی جاکردیکھیں ان کے احکامات پرعمل ہوا یا نہیں، اکثرلوگ صفائی کےمسئلہ پرہاتھ کی صفائی کوترجیح دیتےہیں اگرصفائی نہیں کرسکتےتوگندگی بھی نہ پھیلائیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے آئندہ ہفتے دورہ کراچی کا امکان ہے۔بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ عمران خان کی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ملاقات دورے کا حصہ ہوگی جہاں سندھ حکومت کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ دیگر حل طلب معاملات پر بھی بات چیت ہوگی۔
واضح رہے کہ کراچی میں حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں ہونی والی تباہی پروزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ مشکل حالات میں کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، شدید بارشوں سے ملک میں بھر خصوصاً کراچی کے عوام کی مشکلات سے حکومت مکمل آگاہ ہیں، کراچی کے عوام کو درپیش مسائل کے مستقل حل کیلئے جلد منصوبہ کا اعلان کریں گے۔ جمعرات کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ بحالی اور امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں، چیئرمین این ڈی ایم اے اور گورنر سے مسلسل رابطے میں ہوں، سیلابی پانی میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو کرنے کیلئے چیئرمین این ڈی ایم اے کو فوری ہدایات جاری کی گئی ہیں، متاثرین کو کھانا، چھت اور طبی سہولتوں کی فراہمی کا بھی حکم دیا ہے۔
وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ شہریوں کی بنیادی ضروریات کی بحالی کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے عوام کو درپیش مسائل کے مستقل حل کیلئے جلد منصوبہ کا اعلان کریں گے جس میں نالوں کی صفائی، سیوریج سسٹم لگانے اور فراہمی آب کے نظام کو بہتر کیا جائے گا۔مزید یہ کہ وزیراعظم نے اس سلسلے میں گورنر سندھ کو کراچی میں ریلیف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی۔