کراچی میں پھر طوفانی بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

  • August 29, 2020, 8:37 pm
  • Weather News
  • 183 Views

کراچی سمیت سندھ بھر میں ایک بار پھر طوفانی بارشوں کی پیشگوئی پر سول انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا گیا۔

پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر اور ڈی ڈی ایم ایز کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کا الرٹ میں کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اور پیر کو شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

بارشوں کے نئے اسپیل میں آج سے پیر تک میرپور خاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھر اور بدین میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے، بارشوں کے نئے اسپیل کے پیش نظر کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں ایک بار پھر اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے الرٹ میں کہا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے اس حوالے سے اپنے انتظامات پورے رکھیں، زیریں سندھ کے علاقے بارشوں کے باعث دوبارہ زیر آب آسکتے ہیں جس کے سبب تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔