کوئٹہ میں صفائی، بلڈنگ کوڈ پر عملدرآمد اور پانی کی فراہمی کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں،جام کمال

  • September 1, 2020, 12:43 pm
  • National News
  • 104 Views

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے مختلف شعبوں میں کوئٹہ کی ترقی کے منصوبوں پر کام کرنے والے اداروں کو ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے جن میں کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ، کوئٹہ ترقیاتی پیکج، کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن، کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور محکمہ صحت شامل ہیں، اس حوالے سے پیر کے روز منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ کے اہم مسائل میں صفائی۔سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، میونسپل سروسز، بلڈنگ کو ڈ پر عملدرآمد اور پانی کی کمی سرفہرست ہیں جنہیں ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے، پانی کی فراہمی کے حوالے سے محکمہ پی ایچ ای اور واسا حکام کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں ٹیوب ویل کی تنصیب کے لئے بائی لاز کی تیاری اور قانون سازی کی جائے گی اور سرکاری شعبہ میں ٹیوب ویلوں کی تنصیب کی ذمہ داری صرف واسا کی ہوگی۔جبکہ سیکریٹری پی ایچ ای کی سربراہی میں کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا جو شہر میں پانی کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیتے ہوئے سفارشات پیش کرے گی، کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ سے متعلق سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی نے بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ منصوبے کی پیشرفت میں اضافہ کے لئے پی سی ون میں ضروری ترامیم تکمیل کے مراحل میں ہے، منصوبے کے تحت شہر میں 400کلومیٹر فائبر آپٹک بچھائی جارہی ہے۔اور 1403سیکیورٹی کیمرے نصب کئے جائیں گے، کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں کوئٹہ سمارٹ سٹی اتھارٹی کے قیام کے لئے بھی قانون سازی کی جائے گی، اجلاس میں سول ہسپتال کوئٹہ کو درپیش مسائل وضروریات اور ہسپتال میں دستیاب سہولیات کا جائزہ بھی لیا گیا، سیکریٹری صحت نے اس حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت کی۔روشنی میں ہسپتال کی ماسٹر پلاننگ اور ضروریات کے مطابق موجودہ عمارت کی تعمیر ومرمت کے جائزہ کے لئے کنسلٹینٹ فرمز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جن کی رپورٹ کی روشنی میں ہسپتال کی بہتری کے منصوبے کا پی سی ون تیار کیا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ اس وقت ہسپتال میں 23یونٹس کام کررہے ہیں، ہر یونٹ اور وارڈ کی بہتر مینجمنٹ کے حوالے سے شعبہ کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کو ذمہ داری تفویض کی جارہی ہے۔ہسپتال کے کاسی شعبہ حادثات کی بہتری اور استعداد میں اضافہ سمیت بعض دیگر ترقیاتی منصوبے بھی جاری ہیں، وزیراعلیٰ نے سول ہسپتال کے شعبہ حادثات کی تعمیر وتوسیع کے منصوبے کے لئے فنڈز کے فوری اجراء کی ہدایت کی، کوئٹہ ترقیاتی پیکج کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کمشنر کوئٹہ نے اجلاس کو پیکج میں شامل سڑکوں، سپورٹس کمپلیکس اور پارکس کی تعمیر وتوسیع کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے میں شامل آٹھ سڑکوں میں سے چار سڑکوں کی تعمیروتوسیع کے منصوبوں کے ورک آڈر جاری کردیئے گئے ہیں جن میں سریاب روڈ، مغربی بائی پاس، سبزل روڈ اور لنک بادینی روڈ شامل ہیں۔منصوبے کے تحت مختلف علاقوں میں چھ سپورٹس کمپلیکس کے تعمیر کے منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں، وزیراعلیٰ نے نئی تعمیر ہونے والی سڑکوں پر شجر کاری اور نکاسی ء آب کے نظام کے منصوبوں کو بھی معیار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ انہوں نے ہر اسپورٹس کمپلیکس میں ڈسپنسری کے قیام کی ہدایت بھی کی، اجلاس کو محکمہ شہری ترقی اور کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کوئٹہ کی ماسٹر پلاننگ اور شہر کی زوننگ کے لئے قانون سازی کی پیشرفت کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ ہر پندرہ دن میں کوئٹہ کے ترقیاتی امور اور ترقیاتی منصوبوں کے پیشرفت کے جائزہ اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری بلدیات، سیکریٹری پی ایچ ای، سیکریٹری آئی ٹی، سیکریٹری صحت اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔