پی ٹی اے نے 5 مشہور ایپلی کیشنز پر پابندی عائد کر دی

  • September 1, 2020, 10:36 pm
  • Science & Technology News
  • 217 Views

پی ٹی اے نے 5 مشہور ایپلی کیشنز پر پابندی عائد کر دی، 5 ڈیٹنگ اور لائیو سٹریمنگ ایپلی کیشنز ٹنڈر، ٹیگڈ، اسکاٹ، گرینڈر اور سے ہائی پاکستان میں بلاک کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے 5 مشہور ایپلی کیشنز کیخلاف ایکشن لیا گیا ہے۔



پی ٹی اے حکام کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ ادارے نے پانچ ڈیٹنگ / لائیو سٹریمنگ ایپلی کیشنزجن میں ٹنڈر(Tinder)، ٹیگڈ (Tagged)، اسکاٹ (Skout)، گرینڈر (Grindr) اور سے ہائی(SayHi) شامل ہیں، پاکستان میں ان کی سروس بلاک کر دی ہے۔
پی ٹی اے حکام کا موقف ہے کہ مذکورہ ایپلی کیشنز کے ذریعہ غیر اخلاقی، غیر مہذب مواد پھیلا کر معاشرے پر منفی اثرات ڈالے جا رہے تھے۔
پی ٹی اے نے مذکورہ ایپلی کیشنز کی انتظامیہ سے رابطہ کیا اور انہیں ڈیٹنگ خدمات کو ختم کرنے اور براہ راست جاری مواد کو پاکستان کے مقامی قوانین کے مطابق ماڈریٹ کرنے کے لئے نوٹس جاری کئے۔ تاہم پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹسز پر کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

چونکہ مذکورہ ایپلی کیشنز کی انتظامیہ نے مقررہ وقت کے اندر نوٹسز کا جواب نہیں دیا لہذا ادارے نے ایکشن لینے کا فیصلہ کیا۔ اب پی ٹی نے نے مذکورہ ایپلیکیشنز کو پاکستان میں بند کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ پاکستان میں مذکورہ 5 ایپلیکیشنز بلاک ہو چکی ہیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ اگر ان ایپلیکیشنز کی انتظامیہ کی جانب سے مناسب لائحہ عمل کے تحت غیر اخلاقی اور غیر مہذب مواد کو مقامی قوانین پر عمل کرتے ہوئے ہٹانے کی یقین دہانی کرائے جائے تو پھر پی ٹی اے ان ایپلیکیشنز پر پابندی عائد کیے جانے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کر سکتا ہے۔