کراچی کیلئے پروگرام کوپاک فوج کی مکمل حمایت حاصل ہوگی

  • September 2, 2020, 11:57 am
  • National News
  • 112 Views

دورہ کراچی کے دوران آرمی چیف کا کہنا ہے کہ کراچی کیلئے پروگرام کوپاک فوج کی مکمل حمایت حاصل ہوگی، عوام کومشکل گھڑی میں مایوس نہیں کریں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 2 روزہ دورے پر کراچی پہنچے۔
کراچی پہنچنے کے بعد آرمی چیف نے کراچی کا فضائی جائزہ لیا۔ بعد ازاں آرمی چیف نے کور ہیڈ کوارٹرزکراچی کادورہ بھی کیا ۔ آرمی چیف کوکراچی کی صورتحال پربریفنگ دی گئی اور آرمی چیف نےحالیہ بارشوں اوراربن فلڈنگ کےنقصانات کاجائزہ لیا۔ جنرل قمر باجوہ کو غیرمتوقع بارشوں سے عشروں سے شہر کی گنجان آبادی بغیرمنصوبہ بندی کے آبادی اور آبادکاری سمیت بنیادی ڈھانچہ کی خامیوں سے پیدا ہونے والے مسائل سے آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ کوئی شہراس طرح کی قدرتی آفت کامقابلہ نہیں کرسکتا۔ ہم اس طرح کی قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ ہمارا مسئلہ وسائل کی دستیابی نہیں بلکہ ترجیحات کودرست کرنا ہے۔ قدرتی آفات ترجیحات درست کرنےکا موقع فراہم کرتی ہیں۔ ترجیحات درست کرنے سے بڑے نقصانات سے بچا جاسکتا ہے۔
آرمی چیف نے یقین دہانی کروائی کہ کراچی کیلئے پروگرام کو پاک فوج کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔ کراچی کے مسائل کے حل کیلئے صوبائی اور وفاقی حکومت کی بھرپور معاونت کریں گے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف نے کراچی میں امدادی سرگرمیوں پراطمینان کااظہارکیا اور زیادہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیزکرنےکی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدرتی آفت ہے سب متحد رہیں۔ پاک فوج عوام کومشکل گھڑی میں مایوس نہیں کرےگی۔