خیبرپختونخوا حکومت کا بلاسود اور آسان اقساط پر قرض دینے کا فیصلہ

  • September 5, 2020, 9:17 pm
  • Business News
  • 153 Views

خیبرپختونخوا حکومت نے بلاسود اور آسان اقساط پر قرض دینے کا فیصلہ کرلیا، قرض کی حد 8 ہزار سے اڑھائی لاکھ روپے تک رکھی گئی ہے، گریڈ ایک سے17کے ملازمین بھی لے سکتے ہیں، گھر کی تعمیر، گاڑی، موٹرسائیکل خریدنے کیلئے قرض دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت خیبرپختونخواہ حکومت نے بلاسود اور آسان اقساط پر قرض دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
جس کا مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گھر کی تعمیر، گاڑی، موٹرسائیکل خریدنے کیلئے قرض دیا جائےگا۔ اسکیل ایک سے گریڈ 17 تک کے سرکاری ملازمین بھی قرض لے سکتے ہیں۔ اسی طرح گریڈ 17 سے اوپر کے ملازمین صرف گاڑی خریدنے کیلئے قرض لے سکتے ہیں۔ قرض کی حد رقم 8 ہزار سے لے کر ڈھائی لاکھ روپے تک رکھی گئی ہے۔
دوسری جانب مالی سال 2020 کے اختتام تک ملکی قرضے اور واجبات 44 ہزار 563 ارب روپے تک پہنچ گئے۔

اسٹیٹ بینک کے جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ مالی سال ملکی قرض و واجبات 11 فیصد اضافے سے 44 ہزار 563 ارب روپے تک پہنچ گئے جبکہ جون 2018 میں قرض و واجبات کا حجم 29879 ارب روپے تھا۔ ایک سال کے دوران قرضوں اور واجبات میں 4 ہزار 340 ارب روپے جبکہ دو سال کے دوران اس میں 14 ہزار 684 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال 2020 میں مقامی قرضے 12 فیصد اضافے سے 23 ہزار 281 ارب روپے ہوگئے، ایک سال میں مقامی قرضے 2 ہزار 550 ارب روپے جبکہ دوسال کے دوران 6 ہزار 865 ارب روپے بڑھے۔دوسری جانب مالی سال 2020 میں بیرونی قرضے 7 فیصد اضافے سے 11 ہزار 824 ارب روپے رہے، ایک سال کے دوران بیرونی قرضوں میں 769 ارب روپے جبکہ دوسال میں بیرونی قرضوں میں 4 ہزار 28 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔