صوبہ پنجاب میں 50 ارب روپے کی لاگت سے ایک اور رنگ روڈ منصوبے کی منظوری دے دی گئی

  • September 5, 2020, 9:18 pm
  • Business News
  • 133 Views

بزدار حکومت کی جانب سے راولپنڈی کے عوام کے لئے بڑی خوشخبری، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت راولپنڈی رنگ روڈ کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کے اجلاس میں راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ پرکام شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ 50ارب روپے کا میگا منصوبہ ہے۔
راولپنڈی کے لوگوں سے کیاگیا ہر وعدہ پورا کریں گے۔ رنگ روڈ بننے سے راولپنڈی کے شہریوں کے ٹریفک مسائل حل ہوں گے اور علاقے میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کے امور کی ٹائم لائن طے کی جائے اور تیزی سے معاملات آگے بڑھائے جائیں۔
اس منصوبے میں طے کردہ ٹائم لائن میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیئے۔ حکومت منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے پوری سپورٹ فراہم کرے گی۔

پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کے اجلاس میں 10دیگر منصوبوں کے لئے ٹرانزیکشن ایڈ وائزر مقرر کرنے کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پی پی پی پراجیکٹ کے لئے پراسیس کی مدت کو کم سے کم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی موڈ میں منصوبوں کو جلد سے جلد آن گرائونڈ ہونا چاہیئے اور ایسا میکنز م تشکیل دیاجائے جس سے پی پی پی موڈ کے منصوبوں کو جلد شروع کیاجاسکے اور اس ضمن میں قانونی پہلوئوں کو بھی مد نظر رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اگلے چند روز میں شیخوپورہ گوجرانوالہ روڈ کے تعمیراتی کاموں کا آغاز کرے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مستقبل میں ہسپتالوں کی تعمیر کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جائے۔ شعبہ صحت میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے فروغ کیلئے جامع بزنس ماڈل تیار کیا جائے۔ تحریک انصاف کی حکومت شعبہ صحت میں بہترین سروس ڈلیوری پر یقین رکھتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کاچوتھا اجلاس منعقد ہوا جس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پنجاب میں شروع کئے جانے والے منصوبوں کے امور کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بورڈ کے تیسرے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ سیکرٹری بورڈ اور ممبر پی پی پی سیل ڈاکٹر فرخ نوید نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع ہونے والے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
صوبائی وزراء ہاشم جواں بخت، میاں محمود الرشید،مشیر وزیراعلیٰ ڈاکٹر سلمان شاہ،رکن پنجاب اسمبلی میاں شفیع محمد،چیف سیکرٹری،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور بورڈ کے دیگر ارکان نے اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈی جی راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئی-