کراچی میں شادی شدہ نوجون کے قتل کا کیس، معاملہ مکمل طور پر ایک نیا رخ اختیار کر گیا

  • September 5, 2020, 9:20 pm
  • National News
  • 196 Views

کراچی میں شادی شدہ نوجون کے قتل کا کیس، معاملہ مکمل طور پر ایک نیا رخ اختیار کر گیا، پولیس نے مقتول منیب کی دوست سمیت دونوں مرکزی ملزمان گرفتار کر لیے، گرفتار لڑکی نے شادی سے انکار کرنے پر نوجوان کا قتل کروایا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں چند روز قبل شادی کرنے کے بعد قتل کیے جانے والے منیب نامی نوجوان کیس میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔
پولیس نے کراچی کے علاقے کورنگی میں نوجوان کا قتل ذاتی دشمنی کا واقعہ قرار دے دیا۔ پولیس نے قتل میں ملوث دونوں ملزمان نعمان اور شاہ رخ سمیت ایک لڑکی کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش معلوم ہوا کہ ملزمان نے واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی، لیکن اصل میں منیب کا قتل لڑکی سے آشنائی کی وجہ سے کیا گیا۔
دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ گرفتار کی گئی لڑکی نے ہی منیب کا قتل کروایا ہے۔

ملزمہ منیب کی دوست تھی اور اس سے شادی کرنا چاہتی تھی۔ تاہم شادی سے انکار کیے جانے کے بعد لڑکی نے اپنے دوستوں نعمان اور شاہ رخ کے ذریعے منیب کو قتل کروایا دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول منیب کی ایک ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔ مقتول کراچی کے علاقے کورنگی کا رہائشی تھا۔ گزشتہ روز واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد پولیس نے کہا تھا کہ بظاہر یہ ڈکیتی کا واقعہ معلوم ہوتا ہے۔
بعد ازان مزید تفتیش کرنے کے بعد پولیس حکام نے انکشاف کیا کہ قتل کی یہ ٹارگٹڈ کاروائی تھی جو ایک لڑکی کی وجہ سے کی گئی۔ جس لڑکی کی وجہ سے قتل کیا گیا وہ ایک فیکٹری ورکر ہے۔ ملزمان نے قتل کی واردات کے بعد پولیس کو گمراہ کرنے کے لیے ڈکیتی کا ڈراما رچایا تھا۔ واردات کے بعد ملزمان نے کچھ فاصلے پر جا کر مقتول منیب کا موبائل فون بھی توڑ دیا تھا۔ پولیس کے مطابق گرفتار تینوں ملزمان کورنگی کی فیکٹری میں ملازمت کرتے ہیں۔ گرفتار لڑکی نے منیب کو فون کر کے بلایا اور پھر وہاں نعمان اور شاہ رخ نے پہنچ کر نوجوان کو قتل کر دیا۔