یاسر حسین نے ترک اداکاروں کو ’انٹرنیشنل کچرا‘ قرار دے دیا

  • September 5, 2020, 9:21 pm
  • Entertainment News
  • 207 Views

اداکار یاسر حسین کا شمار ان شوبز ستاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے ترک ڈرامے پاکستان میں نشر ہونے پر شدید تنقید کی تھی۔اسی طرح ترک اداکاروں کو پاکستانی برانڈز کے ایمبسیڈر بنانے پر بھی اعتراض کیا تھا۔یاسر حسین نے ارطغرل ڈرامہ کی حلیمہ سلطان کے پاکستانی برانڈ ایمبسیڈر بننے پرناراضگی کا اظہار کیا تھا۔
حال ہی میں ترکش اداکارہ اسراء بلجیک پاکستانی برانڈ کیو موبائل کی ایمبیسیڈر بنیں اور اشتہار میں جلوہ گر ہوئیں جس کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہیں تاہم اداکار یاسر حسین کو یہ بات کچھ برداشت نہیں ہوئی کہ پاکستانی برانڈ کے لیے ایک غیر ملکی اداکارہ کا کیوں انتخاب کیا گیا۔ یاسر حسین نے انسٹاگرام اسٹوری میں غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو نہیں لگتا پاکستانی برانڈ کی برانڈ ایمبیسیڈر پاکستانی ہونی چاہیے نہ انڈین نہ ترکش یاسر نے ایک اور اسٹوری میں ماہرہ سمیت صبا، سونیا، مینال، ایمن اور دیگر اداکاراؤں کے نام لیتے ہوئے کہا کہ کیا ان میں سے کوئی اس قابل نہیں کہ پاکستانی برانڈ کی برانڈ ایمبیسیڈر بن سکی آخر میں اداکار نے مطالبہ بھی کیا کہ اپنے پاکستانی اداکاروں کو سپورٹ کیجئے، پاکستانی ہو تو پاکستان کو سپورٹ کرو۔
اور اب یاسر حسین نے ترک اداکاروں کو ’کچرا‘ قرار دے دیا ہے۔یاسر حسین نے حال ہی میں دو پاکستانیوں کی تصاویر شئیر کیں جو ترک اداکاروں سے مشابہت رکھتے تھے۔یاسر حسین نے کہا کہ یہ لوگ ترک اداکاروں جتنی ویلیو حاصل نہیں کر سکتے۔’ان کو کوئی نہیں پوچھے گا،کیونکہ گھر کی مرغی دال برابر ہوتی ہے،لیکن انٹرنیشنل کچرا بہت اہمیت کا حامل ہے‘۔یاسر حسین کی اس انسٹاگرام سٹوری پر اداکارہ انوشے اشرف نے کہا کہ کوئی بھی کسی کے لیے کچرا نہیں ہوتا۔پوری دنیا کے اداکار قابل احترام ہونے چاہیے،چاہے ان کا کام پسند آئے یا نہ آئے۔