نواز شریف نے بلاول بھٹو کی دعوت قبول کر لی

  • September 18, 2020, 10:38 pm
  • Political News
  • 165 Views

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے اے پی سی میں شرکت کے لیے میاں نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کر کے خیریت دریافت کی اور انھیں آل پارٹیز کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی دعوت دی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے فون پر گفتگو میں نواز شریف سے کہا کہ ویڈیو لنک پر اے پی سی میں شرکت کر لیں، نواز شریف نے بلاول بھٹو کی دعوت قبول کرتے ہوئے ورچوئل شرکت کی ہامی بھر لی ہے۔

ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے ملکی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا، نواز شریف نے کہا آل پارٹیز کانفرنس کی کامیابی کا خواہاں ہوں، میری دعا اور تمام ہمدردیاں پاکستان کے عوام کے ساتھ ہیں۔

بعد ازاں، بلاول بھٹو نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ان کی نواز شریف سے کچھ دیر قبل بات ہوئی ہے جس میں ان کی خیریت دریافت کی، اور نواز شریف کو 20 ستمبر کو ہونے والی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔


بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ مل کر میثاق جمہوریت کو لے کر آگے بڑھیں گی۔

دونوں رہنماؤں کی گفتگو کے بعد نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز نے بھی ٹویٹ کیا ’شکریہ بلاول بھٹو، آپ کے لیے بہت ساری دعائیں۔‘