خبردار! سردیوں میں گیس صرف کھانا پکانے کے لیے ہی ملے گی

  • September 22, 2020, 3:17 pm
  • National News
  • 102 Views

سوئی ناردرن گیس کمپنی نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ موسم سرما میں صرف کھانا پکانے کے لیے گیس فراہم کی جائے گی ، کیونکہ شدید سردی میں قلت کا سامنا کرپڑسکتا ہے ، تمام تر کاوشوں کے باوجود موسم سرما میں صنعتی شعبے کو کچھ لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ تفصیلات کے مطابق ایس این ایل جی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موسم سرما کے دوران گیس کے استعمال میں کئی گنا اضافہ کے باعث ڈیمانڈ اور سپلائی میں فرق بڑھ جاتا ہے ، شدید سردی میں SNGPL کو 500 MMCFD تک کی گیس کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے سردیوں میں گیس صرف کھانا بنانے کے لیے فراہم کی جائے گی ، تاہم گیس کی بڑھتی طلب کے پیش نظر LNG کی درآمد کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے ۔
دوسری طرف وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر نے کہا ہے کہ ملک میں گیس کی قلت دور کرنے کیلئے حکومت دسمبر میں آف شور میں گیس کی تلاش کیلئے 10بلاکس کے ٹینڈرز جاری کرے گی ،جے آئی ڈی سی کے بارے میں عدالتی حکم پر اس طرح عملدرآمد کریں گے کہ کوئی بھی انڈسٹری مالی مسائل کا شکارنہ ہو ،آئندہ موسم سرما میں انڈسٹری اور گھریلو صارفین کو گیس کی قلت کا سامنا کرنا پڑے گا جس کیلئے گیس کی لوڈ مینجمنٹ کا پلان بنا لیا ہے ، رواں مالی سال کے بجٹ میںپیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی وصولی کا ہدف 450ارب روپے رکھا گیا ہے جسے حاصل کرنے کیلئے ہر ماہ شرح میں ردو بدل کیا جاتا ہے لیکن اسے صفر نہیں کر سکتے ، ہم نے 250 ایم ایم سی ایف نئی گیس سسٹم میں شامل کی ہے لیکن گیس کے موجودہ بلاکس میں 425ایم ایم سی ایف کمی ہو چکی ہے ، نئے بلاکس کے لئے کام کر رہے ہیں اور دسمبر میں 10نئے بلاکس کے ٹینڈرز جاری کئے جائیں گے ، فی الوقت گیس کی کمی کو ایل این جی کو سسٹم میں شامل کر کے پورا کر رہے ہیں ۔
سندھ کی انڈسٹری کو مقامی گیس فراہم کی جارہی ہے ،ملک میں طلب کے مطابق رسد پوری کرنے کے لئے تین سے پانچ سال کا عرصہ درکار ہوگا ۔