بلاول بھٹو زرداری ملک کے اگلے وزیراعظم ہوں گے ، رحمان ملک کا دعویٰ

  • September 22, 2020, 3:18 pm
  • Political News
  • 137 Views

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی پارٹی کی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس ملک کا مستقبل ہیں اور وہی اگلے وزیراعظم ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ہونے والی ایک تقریب میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی 32ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، اس موقع پر رحمان ملک نے کہا کہ گزشتہ روز بلاول کواپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے دیکھ کر بے انتہا خوشی ہوئی، ہمیں خوشحال پاکستان کیلئے بلاول میں امید کی ایک کرن نظر آتی ہے، کیونکہ وہ اپنے نا نا ذوالفقار علی بھٹو اور اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کے نقش قدم پر چلتے دکھائی دے رہے ہیں۔
سینیٹر رحمان ملک نے پارٹی ورکروں کو متحد اور ثابت قدم رہنے پر زور دیا تاکہ ان کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مکمل سپورٹ مہیا کی جا سکے، کیونکہ اگر بے نظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرنا ہے تو اس کیلئے بللاول کے ہاتھ مضبوط کرنا ضروری ہے، جس کیلئے تمام ورکر اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر یکجا ہوجائیں اور پارٹی مفادات کیلئے کام کریں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹررحمان ملک نے کہا کہ راولپنڈی کی طرح ملک بھر کے دیگر شہروں میں بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ منائی گئی اور اس موقع پر شہید بینظیر بھٹو کی یاد دلا رہی ہے کیونکہ وہ ہر سال بلاول بھٹو کی سالگرہ پر خصوصی انتظامات کیا کرتی تھیں ، ان خیالات لا اظہار سینیٹر رحمان ملک نے گذشتہ روز پی پی پی راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری چوہدری افتحار احمد کے گھربلاول بھٹو کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر رحمان ملک نے چئیرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی 32ویں سالگرہ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ، تقریب میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا جبکہ پیپلز پارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔