کچلاک میں یوٹیلٹی اسٹورقائم نہ کرنا عوام کیساتھ زیادتی ہے،پشتونخوا میپ

  • September 25, 2020, 12:45 pm
  • National News
  • 417 Views

کوئٹہ (پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کچلاک میں یوٹیلٹی سٹور نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ لوگوں کویوٹیلٹی سٹور سے سامان لینے کے لئے مجبوراً دور دراز علاقوں اور شہر کی جانب سے رخ کرنا پڑتا ہے جبکہ یوٹیلٹی سٹور سے ملنے والی معمولی رعایت انہیں کرایوں کی صورت میں ادا کرنا پڑرہی ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن آف پاکستان کے صوبائی کوئٹہ زون کی جانب سے کچلاک میں اب تک یوٹیلٹی اسٹور کا قیام عمل میں نہ لانا یہاں کے عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے ، کوئٹہ شہر سے چند کلو میٹر پر کچلاک کی تقریباً5لاکھ سے زائد آبادی کے علاقے میں ایک بھی یوٹیلٹی سٹور موجود نہیں جو قابل افسوس ہے ۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کچلاک میں کوئٹہ زون کی جانب سے فی الفور یوٹیلٹی سٹور کا قیام عمل میں لاکر غریب عوام کو کسی حد تک ریلیف دیا جائے، مزیدتاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔