پی ٹی اے نے ملک بھر میں ٹک ٹاک ایپ بلاک کر دی

  • October 9, 2020, 8:48 pm
  • Science & Technology News
  • 733 Views

پی ٹی اے نے ملک بھر میں ٹک ٹاک اپلیکیشن بلاک کردی۔تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاک کے شوقین افراد کے لیے بری خبر سامنے آئی ہے۔پاکستان میں ٹک ٹاک ایپ کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کا عمل درآمد آج سے ہو گا۔اس حوالے سے پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو متعدد بار خط لکھ کر قابل اعتراض اور نامناسب مواد ہٹانے گیا ہے لیکن اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
جس کے بعد پاکستان میں ایپ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ترجمان پی ٹی اے کے مطابق ٹک ٹاک انتظامیہ کو جواب جمع کرانے کی مہلت دی تھی۔ شکایات کا ازالہ نہ کرنے پر ٹک ٹاک پرپابندی لگائی گئی۔پی ٹی اے کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا جائے گا جس میں ایپ کو بند کرنے کے بارے میں تحریر کیا ہوگا۔
واضح رہے کہ پی ٹی اے نے کئی موبائل اور سوشل میڈیا ایپس پر غیر اخلاقی مواد پھیلائے جانے کی شکایات کے بعد ایکشن لیا تھا۔

پی ٹی اے نے مشہور موبائل ایپ بیگو پر پابندی عائد کی تھی، جبکہ ٹک ٹاک کو حتمی وارننگ جاری کی گئی تھی۔اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ شکایات موصول ہوئی تھیں کہ بیگو اور ٹک ٹاک ایپ پر غیر اخلاقی مواد پھیلایا جا رہا ہے۔ ان شکایات کا جائزہ لینے کے بعد پاکستانی قوانین کے تحت بیگو ایپ پر ملک میں پابندی عائد کر دی گئی ۔ جبکہ موبائل ایپ ٹک ٹاک کو آخری وارننگ جاری کی گئی تھی۔
پی ٹی اے اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ موبائل و سوشل میڈیا ایپس کے ذریعے غیر اخلاقی مواد پھیلا کر معاشرے اور نوجوانوں پر منفی اثرات ڈالے جا رہے ہیں۔ بتایا گیا کہ دونوں ایپلی کیشنز سے غیر اخلاقی مواد پر جواب طلب کیا گیا۔ دونوں کمپنیوں سے کہا گیا تھا کہ پاکستان کے قانون کے مطابق کام کریں اور پاکستان کی اخلاقی قدروں کا خیال رکھا جائے۔ تاہم دونوں کمپنیوں کی جانب سے تسلی بخش جواب موصول نہیں ہوا جس کے بعد بیگو ایپ پر پابندی عائد کی گئی تھی اور آج ٹک ٹاک پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔