شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 5 دہشت گرد مارے گئے

  • January 24, 2021, 11:47 pm
  • Breaking News
  • 141 Views

راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے خفیہ آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خفیہ آپریشن کیا جس کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں کمانڈر سید رحیم اور سیف اللہ نور شامل ہیں، سید رحیم 2007 سے اب تک 17 دہشت گرد حملوں میں ملوث رہا، سید رحیم وانا، میر علی میں خودکش سینٹرز کا انچارج تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملک دشمن ایجنسیوں نے کمانڈر رحیم کو ٹارگٹ کلنگ، دہشت گرد بھرتی کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سید رحیم میر علی کے 4 قبائلی عمائدین، 3 انجینئرز کے قتل میں ملوث تھا جبکہ سیف اللہ سیکیورٹی فورسز پر بارودی سرنگوں کے حملے میں ملوث تھا۔

واضح رہے کہ 14 جنوری کو شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن میں 2 دہشت گرد مارے گئے تھے اور 3 سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں خفیہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی تھی جوابی فائرنگ میں 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے دوران27سالہ سپاہی صدام شہید اور 2جوان زخمی بھی ہوئے تھے۔