جسے اللہ رکھے اُسے کون چکھے، کوئٹہ کے علاقہ میں نوجوان ٹرین سے ٹکرانے کے باوجود زندہ بچ گیا

  • January 25, 2021, 4:49 pm
  • Breaking News
  • 417 Views

کبھی ویڈیو بناتے تو کبھی سیلفی لیتے ہوئے ٹرین کی زد میں آ کر کئی افراد کے جاں بحق ہونے کی خبریں موصول ہوتی رہی ہیں لیکن حال ہی میں کوئٹہ میں ایک ایسے نوجوان کی ویڈیو بھی سامنے آئی جو ٹرین کی ٹکر کے باوجود معجزانہ طور پر بچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقہ سریاب میں موٹرسائیکل سوار ایک نوجوان رضا محمد جتک روڈ پر ریلوے پٹڑی جلدی میں عبور کرنے کی کوشش میں تھا لیکن پٹڑی پر پہنچتے ہی ٹرین اس کے قریب آن پہنچی اور نوجوان کی موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، موٹرسائیکل کو ٹکر لگتے ہی نوجوان نے پُھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے موٹرسائیکل وہیں چھوڑ کر واپسی کی راہ لی جس سے وہ معجزانہ طور پر بچ گیا۔
اس سارے منظر کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی ہے جسے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ٹرین کی ٹکر کے باوجود زندہ بچ جانا کسی معجزے سے کم نہیں تھا۔
جبکہ کچھ صارفین نے نوجوان کو پٹڑی عبور کرنے میں جلدی کرنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا اور کہا کہ جب ٹرین سامنے سے آتی نظر آ رہی تھی تو اس قدر لا پرواہی برتنے اور جلدی میں پٹڑی عبور کرنے کی کوشش کرنے کی آخر کیا ضرورت تھی۔
یاد رہے کہ حال ہی میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں سائنس کالج سمن آباد میں زیر تعلیم 19 سالہ طالب علم صارم ٹرین کی زد میں آ کر اُس وقت جاں بحق ہوا تھا جب 19 سالہ نوجوان نے ٹرین کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی کوشش کی تھی۔ صارم نے چلتی ٹرین کے ساتھ ٹک ٹاک بنانی چاہی لیکن ٹرین قریب آنے پر وہ وہ بد قسمتی سے ٹرین کی زد میں آ گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔