بیٹی کی سہیلی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے شخص کو پھانسی دینے کا حکم

  • January 27, 2021, 12:23 pm
  • National News
  • 460 Views

12 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے مجرم کو سزائے موت سنا دی گئی۔تفصیلات کے مطابق پولیس نے زیادتی کے ایک کیس میں عدالت کو بتایا کہ ملزم نے 2018ء میں اپنی بیٹی کی سہیلی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ملزم کے خلاف مقدمہ تھانہ منگھو پیر میں 2018ء میں درج کیا گیا تھا۔ متاثرہ لڑکی اپنی سہیلی کی طرف پڑھنے کے لیے گئی تھی جب اس کے ساتھ زیادتی کی گئی۔
سماعت کے وقت متاثرہ لڑکی کے والد بھی عدالت میں موجود تھے۔جنہوں نے عدالت میں بتایا کہ میری بیٹی کا ذہنی توازن ابھی تک ٹھیک نہیں ہوا،اس واقعے نے اسے شدید متاثر کیا ہے۔لڑکی کے والد نے مزید بتایا کہ میری بیٹی اب مجھے بھی دیکھ کر ڈر جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر میں مطمئن ہوں۔
عدالت نے تمام کارروائی مکمل ہونے کے بعد زیادتی کے ملزم کو قصور وار قرار دیتے ہوئے سزائے موت کا حکم دے دیا۔

عدالت نے مجرم کو 5 لاکھ جرمانہ عائد کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اس عمل سے دہشت پھیلی اور معاشرہ عدم تحفظ کا شکار ہوا۔ واضح رہے کہ ان دنوں میں بچے،بچیوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ حکومت زیادتی کے مجرموں کو سخت سزائیں دینے کے لیے قانون لانے کا سوچ رہی ہے جس کا اعلان وزیراعظم عمران خان نے بھی کیا ہے۔
وزیراعظم زیادتی کے مجرموں کو نامرد بنانے کی سزا کے حامی ہیں۔ حکومت نے زیادتی کے مجرموں کی جنسی صلاحیت ختم کرنے کے لیے قانون لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے جنسی زیادتی کے مجرموں کی جنسی صلاحیت ختم کرنے کے لیے قانون لانے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد قانونی ٹیم نے بل کے مسودے پر کام شروع کردیا ہے،بل میں جنسی زیادتی کے مجرموں کو نامرد بنانے کی سزا تجویز کی جائے گی۔
اگر پاکستان میں زیادتی کے مجرمان کو ’نامرد‘ بنانے کا بل منظور ہو جاتا ہے تو پاکستان یہ سزا دینے والا چوتھا ملک بن جائے گا۔ یہ عمل جراحی کے ذریعے انجام دیا جاتا ہے۔۔اسی حوالے سے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ زیادتی کے ملزم کے لیے سرعام پھانسی کی تجویز ہے۔