پیپلز پارٹی کے بعد پی ٹی آئی نے مسلم لیگ ن کی ایک اور وکٹ اُڑا لی
- January 29, 2021, 2:48 pm
- Political News
- 146 Views
پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بعد مسلم لیگ ن کی ایک اور وکٹ اُڑا لی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے نائب صدر سردار ارزش پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔سردار ارزش نے پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے ملاقات کی۔ پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر سلطان محمود سمیت دیگر ساتھی بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔
ملاقات میں سردار ارزش نے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔ سردار ارزش کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ آزاد کشمیر کی حکمران جماعت نے مودی سے محبتیں بڑھائیں۔
انہوں نے کہا کہ اہل کشمیر عمران خان کی قیادت میں جمع ہو چکے ہیں۔ خیال رہے کہ سردار ارزش خان مرحوم سابق وزیر بہادر خان کے بھتیجے ہیں۔
واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن سے قبل سیاسی جوڑ توڑ جاری ہیں۔ گذشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی نے وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے صوبائی رکن اسمبلی رئیس نبیل احمد کی ملاقات ہوئی ۔ دوران ملاقات انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ رئیس نبیل نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو حلقے کے مسائل اور عوامی ضروریات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہر حلقے کے مسائل حل کرنا چاہتا ہوں۔ ترقی پر ہر شہر اور قصبے کا حق ہے۔پنجاب کے دور افتادہ شہروں کا ترقی پر پورا حق ہے اور ہم انہیں یہ حق لوٹائیں گے۔ قبل ازیں مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی محمد ارشد نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات میں ان پر اعتماد کا اظہار کیا ۔تھا۔