عوام کے لیے خوشخبری، کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

  • February 1, 2021, 11:27 am
  • COVID-19
  • 177 Views

عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ عالمی وبا کورونا کی ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ چین سے کرونا وائرس ویکسین لے کر نور خان ایئر بیس پہنچ گیا، پہلی کھیپ میں کرونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں لائی گئی ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان بھی نور خان ایئر بیس پہنچے۔
پاکستان نے ابتدائی طور پر چینی کمپنی سائنوفارم سے ویکسین کی 12لاکھ ڈوزیز خریدی ہیں جو79 فیصد مؤثر ہے۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ الحمد اللہ ہمیں سینوفرم ویکسین کا پہلا بیچ ملا ہے! اس کے لئے انتھک محنت کرنے والے ہر شخص کا شکر گزار ہوں۔
COVID کا مقابلہ کرنے میں NCOC اور صوبوں نے اہم کردار ادا کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں اپنے فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو ان کی کاوشوں کے لئے سلام پیش کرتا ہوں۔ ویکسین سب سے پہلے انہیں لگے گی۔

دوسری جانب این سی او سی پہلے ہی ایک مربوط اور جامع حکمت عملی مرتب کرچکی ہے، ملک بھر میں ویکسین کی ترسیل کے تمام انتظامات کو مکمل کرلیا گیا ہے، سندھ اور بلوچستان میں کرونا ویکسین بذریعہ ہوائی جہاز بھجوائی جائے گی۔
دوسری جانب کورونا کے وار تاحال جاری ہیں۔ کورونا وائرس سے 26 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 11 ہزار 683 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار 428 ہوگئی۔ جبکہ دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 10 کروڑ 35 لاکھ 24 ہزار سے بڑھ گئی ہے اور 22 لاکھ 37 ہزار 746 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔