ملتان میں ڈاکٹر محب نے خودکشی کی یا قتل کیا گیا، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں واضح ہو گیا
- February 1, 2021, 6:11 pm
- National News
- 459 Views
: سخی سلطان کالونی میں جمعہ کی شب مبینہ طورپر آتشزدگی سے جاں بحق ہونے والے ڈاکٹر محب سلیم کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ملتان میں چند روز قبل ڈاکٹر کی پراسرار ہلاکت کو پولیس نے خودکشی قرار دیا۔پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملنے والے شواہد کے بعد موت کو خودکشی قرار دیا گیا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈاکٹر محب کو گاڑی سے اتر کر گھر کے اندر جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اس موقع پر وہ پریشان بھی دکھائی دے رہے ہیں۔ڈاکٹر محب بیرونی دروازہ بند کر کے اندر آتے ہیں اور ایک بار پھر باہر جاتے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق متوفی ڈاکٹر نے کچن میں گیس کھلی چھوڑ کر پٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگا دی،پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر سلیم محب کی موت جلنے سے اور دم گھٹنے سے ہوئی۔
قبل ازیں سخی سلطان کالونی میں جمعہ کی شب مبینہ طورپر آتشزدگی سے جاں بحق ہونے والے ڈاکٹر محب سلیم کی اہلیہ لیفٹیننٹ کرنل رخسانہ سی ایم ایچ میں بطور ڈاکٹر کام کرتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر محب سلیم نشترہسپتال و میڈیکل یونیورسٹی میں لیکچر دیتے تھے ۔ وہ جمعہ کے روز پونے چاربجے کے قریب سخی سلطان کالونی میں اپنے گھرآئے ۔ میں نے انہیں موبائل فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے فون اٹینڈ نہ کیا۔
پریشانی کے عالم میں اپنے ہمسائے شیخ حامد ندیم سے رابطہ کیا اور انہیں کہاکہ وہ معلوم کریں کہ محب سلیم فون اٹینڈ نہیں کررہے ۔حامد ندیم نے بتایا کہ گھر کادروازہ بند ہے اور کسی چیز کے جلنے کی بو آرہی ہے۔ آدھ گھنٹے کے بعد گھرپہنچی تو اندر کادروازہ لاک تھا ۔چابی لگا کر دروازہ کھولا تو گھر میں دھواں بھراہواتھا اورکچن کے قریب دروازے کے پیچھے ڈاکٹر محب سلیم کی جلی ہوئی لاش پڑی تھی۔ڈاکٹر رخسانہ نے پولیس کوتحریری بیان میں کہاکہ ہماری کسی سے دشمنی نہیں تھی ۔پولیس تھانہ صدر نے رپورٹ درج کرلی ہے۔