وزیرِاعظم کی بلوچستان میں ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کی منظوری

  • February 1, 2021, 6:15 pm
  • National News
  • 199 Views

کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان نے صوبہ بلوچستان میں واقع ٹیوب ویلوں کی سولرئزایشن کی منظوری دے دی۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال، متعلقہ وفاقی و صوبائی وزراء اور سینئر حکام نے شرکت کی، وزیرِ اعظم نے بلوچستان کے کسانوں اور کاشتکاروں کی سہولت کے لئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے صوبے میں ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کی منظوری دے دی، وزیرِ اعظم نے پاور ڈویژن اور صوبائی حکومت کو سولرئزایشن منصوبے پر عمل درآمد کے حوالے سے جامع پلان اور حکمت عملی مرتب دینے، اور سولرئزایشن منصوبے کے حوالے سے ٹائم لائنز پر مبنی روڈ میپ جلد از جلد مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے سماجی و معاشی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے ٹیوب ویلوں کی مد میں اربوں روپے کی سبسڈی فراہم کے باوجود بھی جہاں کسان مشکلات کا شکار ہیں وہاں گردشی قرضوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ بجلی کی مد میں ہونے والے نقصانات کا خمیازہ بلوچستان اور پورے ملک کی عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے لہذا ترجیحی بنیادوں پر اس مسئلے کے حل کو یقینی بنایا جائے، سبسڈی کا موثر اور مناسب استعمال حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ٹیوب ویلوں کی سولرئزایشن سے جہاں کسانوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی ممکن ہوگی وہاں بجلی کی مد میں ہونے والے نقصانات پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔