اوتھل میں دلخراش ٹریفک حادثہ،13 افراد جاں بحق
- February 2, 2021, 12:29 pm
- Breaking News
- 262 Views
حب : صوبہ بلوچستان کے شہر اوتھل کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ الٹ گئی، دلخراش حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق جبکہ 12 سے زائد زخمی ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بلوچستان کے شہر اوتھل کے قریب پنجگور سے کراچی جانے والی مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچی اور لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کئی مسافر کوچ تلے دب گئے، جنہیں سخت جدوجہد کے بعد نکال کر اسپتال منتقل کیا، جہاں مزید آٹھ مسافر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دلخراش حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں پانچ خواتین اور چار بچے بھی شامل ہیں، جبکہ بارہ سے زائد مسافر زخمی بھی ہیں، جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔